’اڑان پاکستان‘ کے نتیجے میں آئی ایم ایف کا یہ آخری قرض پروگرام ہوگا، وزیرِ خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اقتصادی منصوبے ’اڑان پاکستان‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو آئندہ دو سے تین سالوں میں ایسے مقام پر پہنچا دے گا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری قرض پروگرام ہوگا۔
منگل کو جاری ویڈیو پیغام میں وزیر خزانہ نے کہا کہ آج کا دن انتہائی اہم ہے، ہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی تبدیلی کے منصوبے کو لانچ کرنے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ’اڑان پاکستان ۔ ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان‘ کے نام سے آئندہ پانچ سالہ قومی اقتصادی پلان کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ملک میں آنے والے میکرو اکنامک استحکام کو سسٹینیبل گروتھ یعنی پائیدار ترقی کی طرف لے کر جانا ہے جس کے لیے معاشی ترقی برآمدات پر منحصر ہو گی اور نجی شعبے کو ملک کی قیادت کرنا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سٹرکچرل ریفارمز جو شروع کیے ہیں انہیں آخر تک لے کر جانا ہوگا چاہے وہ ٹیکسوں کے حوالے سے ہوں، توانائی کے شعبے سے یا پھر نجکاری کا ایجنڈا ہو۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبہ اگلے 3 سالوں میں دنیا کے بڑے ممالک کی صف میں لا کھڑا کرے گا،۔
حکومت کے اخراجات کے حوالے سے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خرچوں کو کم کرنے کے لیے پوری تندہی سے کام ہو رہا ہے۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے منصوبے سے متعلق جاری بیان میں کہا کہ نیشنل اکنامک پلان 2024-29 معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے جس کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لیے ہے۔