برطانوی خاتون مؤرخ سعودی عرب میں 2500 کلومیٹر پیدل سفر کریں گی
برطانوی خاتون مؤرخ سعودی عرب میں 2500 کلومیٹر پیدل سفر کریں گی
منگل 31 دسمبر 2024 17:24
ایلس موریسن عرب خطے سے جڑی قدیم قافلوں کی تاریخی کہانیوں کی حقیقت جاننے کی کوشش کریں گی۔ فوٹو: واس
برطانوی مہم جو، مؤرخ اور ٹی وی میزبان ایلس موریسن سعودی عرب کے شمالی کنارے سے جنوبی سرے تک پیدل سفر کرنے والی پہلی شخصیت بننے کے لیے اہم مہم کا ارادہ رکھتی ہیں جس کے لیے وہ بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق ایلس موریسن کا پانچ مہینوں پر محیط اس طویل سفر کا آغاز یکم جنوری سے ہو گا جس میں وہ ڈھائی ہزار کلومیٹر کا راستہ طے کریں گی۔
ایلس موریسن کے اس تاریخی سفر میں صحرا، کئی نخلستان اور پہاڑی راستے آئیں گے، مہم میں ان کے ساتھ مقامی رہنماؤں سمیت اونٹوں کا قافلہ ہو گا۔
برطانوی خاتون کی اس مہم کے تین بنیادی مقصد ہیں جن میں نئے مقامات اور تاریخی علاقے دریافت کرنا، سعودی معاشرے میں خواتین کا اہم کردار اور مملکت کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کو اجاگر کرنا شامل ہے۔
ایلس موریسن نے سفر پر روانہ ہونے سے قبل بتایا کہ ’گذشتہ 45 سال سے وہ عربی زبان اور مشرق وسطیٰ کا مطالعہ کر رہی ہوں اور اب وہ سعودی عرب کے تاریخی راستوں کو جاننا چاہتی ہیں۔‘
برطانوی مہم جو عرب خطے سے جڑی قدیم قافلوں کی تاریخی کہانیوں کی حقیقت جاننے کی کوشش کریں گی جہاں اب ایسی قوم آباد ہے جو تیزی سے تبدیلی اور جدیدیت کا سفر طے کر رہی ہے۔
برطانوی ٹی وی میزبان کی حال ہی میں بی بی سی پر نشر ہونے والی عرب خطے میں نبطیوں کے دور پر سیریز ’Arabian Adventure: The Secrets of the Nabateans‘ پیش کی گئی تھی جس میں انہوں نے سعودی عرب کے قدیم علاقے ’العلا‘ کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا۔
خاتون مہم جو نے مزید کہا کہ ’میرا یہ سفر تاریخی پہلوؤں کے حوالے سے انتہائی اہم ہو گا، موسمیاتی تغیرات کا جائزہ لیا جائے گا اور یقینا راستے میں موجود صحرا بہت سی دلچسپ کہانیوں کو جنم دے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ سفر کے دوران مختلف علاقوں میں بسنے والی سعودی خواتین کے ساتھ وقت گزارنے اور ان کی زندگی سے جڑی کہانیاں میرے تجربات میں خاص قسم کا اضافہ کریں گی۔
61 سالہ ایلس موریسن کی یہ تاریخی مہم دنیا بھر کے سیاحوں اور مہم جو افراد کے لیے ایک ترغیب ہے تاکہ وہ عمر کی پروا کیے بغیر اپنے خوابوں کو حقیقت بنائیں اور مملکت کے تاریخی علاقوں کی دلچسپ سیاحت کریں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں