الباحہ ریجن میں ٹریفک حادثہ، 7 زخمی، امدادی ٹیمیں دو منٹ میں پہنچیں
ہلال الاحمر کے کنٹرول روم میں حادثے کی اطلاع موصول ہوئی (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں عقبہ شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں سات افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر دومنٹ کے اندر پہنچ گئیں۔
سبق نیوز کے مطابق بدھ یکم جنوری کو 14:36 پر ریجنل ہلال الاحمر کے کنٹرول روم میں حادثے کی اطلاع موصول ہوئی۔
محض دومنٹ کے اندر ہلال الاحمر کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں جنہوں نے فوری طورپر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
زخمیوں میں دو کی حالت خطرناک تھی جبکہ چار کو درمیانے زخم آئے اور ایک شخص معمولی زخمی تھا۔
امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد المخواہ کے جنرل ہسپتال منتقل کردیا۔
واضح رہے ہلال الاحمر کے ٹول فری نمبر997 کے علاوہ ’اسعفنی‘ ایپ یا ’توکلنا‘ پر کسی بھی حادثے کی صورت میں امداد طلب کی جاسکتی ہے۔