9 مئی واقعات، فوج کا 19 مجرموں کی سزاؤں کی معافی کا اعلان
جمعرات 2 جنوری 2025 10:53
آئی ایس پی آر کے مطابق ان مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کی فوج نے 9 مئی 2023ء کے واقعات میں سزایافتہ 19 مجرموں کی سزاؤں کی معافی کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو راولپنڈی میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق 9 مئی کے واقعات پر سزایافتہ افراد نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں۔
فوجی ترجمان نے بیان میں بتایا کہ مجموعی طورپر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔
’48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لیے ’کورٹس آف اپیل‘ میں نظرثانی کے لیے ارسال کیا گیا۔ 19مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا۔
جن 19 مجرمان کی سزائیں معاف کی گئی ہیں ان میں محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان، سمیع اللہ ولد میرداد خان، لئیق احمد ولد منظور احمد، امجد علی ولد منظور احمد، یاسر نواز ولد امیر نواز خان، سِیعد عالم ولد معاذاللہ خان، زاہدخان ولد محمد نبی، محمد سلیمان ولد سِیعد غنی جان، حمزہ شریف ولد محمد اعظم، محمد سلمان ولد زاہد نثار، اشعر بٹ ولد محمد ارشد بٹ، محمد وقاص ولد ملک محمد خلیل، سفیان ادریس ولد ادریس احمد، منیب احمد ولد نوید احمد بٹ، محمد احمد ولد محمد نذیر، محمد نواز ولد عبدالصمد، محمد علی ولد محمد بوٹا، محمد بلاول ولد منظور حسین اور محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دیگر تمام مجرمان کے پاس بھی اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سزاؤں کی معافی ہمارے منصفافہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔‘
فوج کے ترجمان کے مطابق اس سے قبل اپریل 2024 میں قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم بھی دیا گیا تھا۔