Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ٹورزم اتھارٹی کے تعاون سے ’پاکستان ٹریول مارٹ دو شہروں میں‘

ایم ڈی پی ٹی ڈی سے نے کہا کہ ’سعودی عرب نے ایوی ایشن کے شعبہ میں بھی تعاون کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی ٹورزم اتھارٹی کے تعاون سے پاکستان کے دو بڑے شہروں میں ’پاکستان ٹریول مارٹ نمائش‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں سعودی عرب سمیت دنیا بھر کی ٹورزم کمپنیاں اور ادارے شرکت کریں گے۔ 
پاکستان میں سیاسحت کے فروغ کے لیے کام کرنے والے نجی ادارے پاکستان ٹریول مارٹ نے رواں سال پاکستان ٹرویل مارٹ 2025 کو ایک کے بجائے دو شہروں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے مطابق 31 جنوری سے دو فروری تک کراچی میں نمائش کا اہتمام ہو گا جس میں سعودی عرب، امریکہ، برطانیہ، جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک، سنگاپور، ایران، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ سمیت کئی دیگر ممالک کی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ 
یہ کمپنیاں نہ صرف پاکستان میں سیاحت بلکہ سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی دیکھیں گی۔ اس سے پاکستان مں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ 
اس حوالے سے پاکستان ٹریول مارٹ کے چیف ایگزیکٹو سید محمد علی ہمدانی نے بتایا کہ ’کراچی میں نمائش کے ساتھ کئی ایک ثقافتی پروگرامات ہوں گے اور اسلام آد میں روڈ شو کا اہتمام کیا جائے گا۔‘
انھوں نے کہ ’یہ پہلا موقع ہوگا کہ جس میں سیاسحت کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں، ایئر لائنز، ہسپتالوں اور بڑے بڑے ہوٹلوں کو بھی نمائش میں بلایا گیا ہے تاکہ روایتی سیاحت کے ساتھ میڈیکل سیاحت اور سیاحت کے شعبہ میں ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے استعمال کے حوالے سے آگے بڑھا جا سکے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس پورے ایونٹ کا مرکزی سپانسر سعودی ٹوورزم اتھارٹی ہے۔ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا واحد مقصد یہ ہے کہ سیاحت کے شعبہ میں جس طرح سعودی عرب نے اپنے آپ کو ایک برانڈ کے طور پر منوایا ہے ان کے تجربات سے سبق سیکھا جا سکے۔ دوسرا پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں سعودی سرمایہ کاری کی دعوت اور ترغیب دینا ہے۔‘
اس حوالے سے سے پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر آفتاب رانا کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں حکومت سیاحت کے شعبہ میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’حال ہی میں سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفود نے پاکستان کے متعدد دورے کیے ہیں۔ ان وفود کے ساتھ بات چیت میں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری ایجنڈے کا حصہ تھی۔ ہم چاہتے ہیں کہ سعودی عرب اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’اگرچہ سعودی عرب میں اپنے ملک میں سیاحت کے شعبہ میں بہت سرمایہ کاری کر رہا ہے لیکن پاکستان میں بھی ان کے لیے کئی مواقع ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ حلال سیاحت کے تصور پر بھی کام کر رہے ہیں۔ سعودی سرمایہ کاروں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان نے سیاحتی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔‘
ایم ڈی پی ٹی ڈی سے نے کہا کہ ’سعودی عرب نے ایوی ایشن کے شعبہ میں بھی تعاون کا عندیہ ظاہر کیا ہے تاکہ غیرملکی سیاحوں کو پاکستان لایا جا سکے۔ حال ہی میں سعودی عرب کی ایک سستی ایئرلائن نے بھی پاکستان کے لیے پروازوں کا اعلان کیا ہے۔ مستقبل قریب میں سعودی عرب پاکستان کے سیحتی مقامات کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔‘
سی ای او ٹریول مارٹ کا کہنا تھا کہ ’مستقبل قریب میں سعودی عرب کا ہاسپٹیلٹی کے شعبہ میں دس لاکھ سے زائد افراد درکار ہوں گے۔ پاکستان کے ہوٹل مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹس کے لیے موقع ہے کہ وہ پاکستان میں ایسے لوگوں کو تیار کریں گے جو سعودی سیاحتی شعبے میں روزگار حاصل کرسکیں۔‘

شیئر: