عرب نیوز کے مطابق سعودی سیاحتی اتھارٹی کا یہ ایونٹ ملائیشیا کے انتظامی دارالحکومت پتراجایا کے آئی او آئی مال میں اتوار تک جاری رہے گا۔
اتھارٹی کے ایشیا پیسیفک مارکیٹ کے صدر الحسن الدباغ نے روڈ شو کے آغاز پر کہا ’ہم یہاں ملائیشیا کے تمام لوگوں کو ایک پیغام دینے کے لیے آئے ہیں کہ سعودی عرب میں ان کا خیر مقدم کیا جائے گا‘۔
انہوں نے سعودی عرب کو تیزی سے فروغ پاتے سیاحتی مقامات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ’ملائیشیا ان ممالک میں سے ہے جس کے شہری مملکت آنے کےلیے ای ویزے کے لیے بآسانی درخواست دے سکتے ہیں‘۔
’ملائیشیا کے شہری منٹوں میں ای ویزا حاصل کرسکتے ہیں‘۔
الحسن الدباغ کا کہنا تھا ’سعودی عرب ثقافت اور ورثے سے مالا مال ہے۔ ریاض سیزن کے ساتھ بہت سے پرکشش مقامات موجود ہیں‘۔
الحسن الدباغ کا کہنا تھا سعودی عرب ثقافت اور ورثے سے مالا مال ہے (فوٹو: عرب نیوز)
’تفریحی ، ثقافتی اور سپورٹس ایونٹس کا ایک سلسلہ ہے جو اکتوبر سے شروع ہوتا ہے اور کئی ماہ جاری رہتا ہے۔ مارچ 2025 میں ہم فارمولا ون کی میزبانی بھی کریں گے‘۔
یاد رہے کہ جنوب مشرقی ایشیا سے سیاح مملکت آرہے ہیں اور ہر سال اس خطے سے 1.5 ملین سے زیادہ افراد سعودی عرب کا وزٹ کرتے ہیں۔
ملائیشیا سے ہر سال ہزارں افراد حج اور عمرے کے لیے بھی ممکت کا سفر کرتے ہیں۔
روڈ شو کے دوران وزیٹرز کا خیرمقدم روایتی عربی کافی، کھجور اور قہوے سے کیا گیا۔
انہیں مملکت کے ثقافتی ورثے کے مقامات، سپورٹس ایونٹس اور تفریحی پروگرام دیکھنے کےلیے مدعو کیا گیا۔