سعودی عرب کا پاکستان کے عوام کے لیے 100 ٹن کھجور کا تحفہ
سعودی عرب کا پاکستان کے عوام کے لیے 100 ٹن کھجور کا تحفہ
جمعرات 2 جنوری 2025 20:34
یہ عطیہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی علامت ہے (فائل فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
سعودی عرب نے اپنی سالانہ روایت کو جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کے عوام کے لیے کھجوروں کا تحفہ پیش کیا ہے۔
اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے سے جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں سعودی حکومت نے پاکستان کو 100 ٹن کھجوروں کا تحفہ دیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک رسمی تقریب اسلام آباد میں مملکت سعودی عرب کے سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔
اس موقعے پر سعودی سفیر عزت مآب نواف بن سعید المالکی اور کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر پاکستان کے ڈائریکٹر عبداللہ البقمی نے باضابطہ طور پر یہ تحفہ کابینہ ڈویژن کے ملٹری ونگ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر عالمگیر ایوب کے حوالے کیا۔
بیان کے مطابق ’یہ عطیہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔ یہ دونوں ممالک کے تعلقات میں سخاوت اور باہمی تعاون کی گہری جڑوں کو ظاہر کرتا ہے۔‘
اس موقعے پر بریگیڈیئر عالمگیر ایوب نے پاکستان کی جانب سے اظہار تشکر کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی قیادت کا ان کی غیرمتزلزل اور فراخدلانہ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔