Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے ضلع کُرم کے بے گھر افراد کے لیے امداد

اعلامیے کے مطابق ’فوڈ پیکج میں آٹا، کوکنگ آئل، چینی اور دال چنا شامل ہیں (فوٹو: کنگ سلمان ریلیف سینٹر)
کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان کے ضلع ہنگو میں کُرم کے بے گھر افراد میں 500 فوڈ پیکجز تقسیم کیے تاکہ ان کی غذائی ضروریات پوری کی جا سکے۔
جمعرات کو کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ ریلیف، بحالی اور آبادکاری اور پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے تعاون سے خیبرپختونخوا اور اس کے ضم شدہ اضلاع کے مستحق افراد کی مدد کے لیے ایک اہم اقدام کا آغاز کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ’اس پروگرام کا مقصد خوراک کی کمی کے شکار افراد، خاص طور پر غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی مدد کرنا ہے۔ اس مقصد کے تحت 10,000 فوڈ پیکجز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔‘
یہ تقسیم کنگ سلمان ریلیف سنٹر فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ 2024-25 کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے جس میں خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع شامل ہیں۔
ان میں تورغر، اورکزئی، کرم، اپر چترال، ہنگو، اپر کوہستان، شانگلہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر، شمالی وزیرستان، لوئر چترال، ڈیرہ اسماعیل خان، اور اپر دیر شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق کرم ضلع کے بے گھر افراد جو اس وقت تحصیل تھل میں مقیم ہیں اور خوراک کی قلت کا شکار ہیں، کے لیے 500 فوڈ پیکجز مختص کیے گئے ہیں۔ ادارے نے ترجیحی بنیادوں پر ہنگو ضلع کے کیمپ میں مقیم کرم کے بے گھر خاندانوں میں کامیابی کے ساتھ 500 فوڈ پیکجز تقسیم کیے۔
’ہر فوڈ پیکج جو 95 کلوگرام وزنی ہے جس میں 80 کلوگرام آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، پانچ کلوگرام چینی اور پانچ کلوگرام دال چنا شامل ہیں۔ تقسیم کا عمل شفاف طریقے سے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی، ضلعی انتظامیہ، مقامی حکام اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔‘

شیئر: