نصف امریکہ طوفان کی لپیٹ میں، ’ایک دہائی میں سب سے زیادہ برفباری‘
نصف امریکہ طوفان کی لپیٹ میں، ’ایک دہائی میں سب سے زیادہ برفباری‘
اتوار 5 جنوری 2025 6:41
محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقے بڑے پیمانے پر شدید برف باری سے متاثر ہوں گے (فوٹو: اے پی)
امریکہ اس وقت موسمِ سرما کے شدید طوفانی بگولوں کی لپیٹ میں ہے اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مشرق میں لاکھوں افراد کو شدید برف باری، سرد درجہ حرارت اور سفر میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چھ کروڑ سے زائد افراد اس خطرناک طوفان کی زد میں ہیں جو پیر تک امریکہ کے مشرقی نصف حصّے کو آرکٹک (قطب شمالی) کی یخ بستہ ہواؤں سے منجمد کر دے گا۔
امریکہ کی نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے وسطی میدانی علاقوں سے وسط بحر اوقیانوس تک ریاستوں میں طوفانی ہواؤں سمیت شدید موسم سے خبردار کیا ہے۔
موسم سرما کے طوفان کی وارننگ مغربی کنساس سے لے کر ساحلی ریاستوں میری لینڈ، ڈیلاویئر اور ورجینیا تک جاری کر دی گئی ہیں جو کہ 1,500 میل (2,400 کلومیٹر) کا غیر معمولی وسیع علاقہ ہے۔
نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ ’موسمِ سرما کا تباہ کن طوفان پیر سے بحر اوقیانوس کے وسط تک وسطی میدانی علاقوں کو بڑے پیمانے پر شدید برف باری سے متاثر کرے گا۔‘
یہ 2025 کا پہلا بڑا طوفان ہے تباہی مچاتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ کنساس سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سنیچر کو ’تیزی سے جمع ہوتی برف‘ کی وجہ سے اپنا فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
این ڈبلیو ایس کے مطابق نیو یارک اور پنسلوانیا کی مشرقی ریاستوں کے کچھ حصّوں کو ’گریٹ لیکس‘ سے آنے آنے والے برفانی طوفان کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہاں دو فٹ (61 سینٹی میٹر) تک برف پڑ سکتی ہے۔
امریکہ کے محکمہ موسمیات ایکیو ویدر نے سنیچر کو کہا کہ پورا خطہ پہلے ہی برف سے ڈھکا ہوا ہے اور مزید چار فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔
نیشنل ویدر سروس کے مطابق اتوار تک وسطی میدانی علاقوں کو بھی برفانی طوفان اپنی لپیٹ میں لے لے گا جس کی وجہ سے سفر کرنا انتہائی مشکل اور خطرناک ہو جائے گا۔ ’سڑکوں سے گزرنا ناممکن ہو جائے گا جبکہ موٹرسائیکلوں کے پسھلنے کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی کنساس سے شمال وسطی مسوری تک 15 انچ (38 سینٹی میٹر) سے زیادہ پڑنے والی برف ایک دہائی میں ہونے والی سب سے زیادہ برف باری ہوگی۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن پانچ انچ یا اس سے زیادہ برف سے ڈھک سکتا ہے جبکہ قریبی علاقوں میں 10 انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔
میسوری اور ورجینیا کے گورنرز نے اپنی ریاستوں میں ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے کے آخر میں ’خطرناک موسم‘ کی توقع رکھیں۔
اپالاچین پہاڑوں میں موسمی حالات خاص طور پر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں جہاں ستمبر کے آخر میں ایک مہلک سمندری طوفان نے کینٹکی سمیت متعدد جنوب مشرقی ریاستوں کو تباہ کر دیا۔
امریکی ریاست کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر نے ایک ہنگامی میٹنگ میں بتایا کہ ’طوفان ممکنہ طور پر ہماری سڑکوں پر رکاوٹ اور خطرناک حالات پیدا کرے گا اور کینٹکی میں بجلی کی بندش کا سبب بن سکتا ہے۔‘