Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کا ’جبال القھر‘، مہم جوئی کے شوقین افراد کا منتظر

القھر پہاڑ ایک متحرک قدرتی منظر پیش کرتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
جازان کے شمال مشرقی حصے میں الریث گورنریٹ میں واقع القھر پہاڑ (جبال القھر) فطرت کی خوبصورتی، علاقے کی بھرپور تاریخ اور مہم جوئی کی کشش کا ایک حیرت انگیز ثبوت ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ پہاڑ مملکت کے نمایاں قدرتی مقامات میں سے ایک ہیں، یہ سطح سمندر سے 2000 میٹر سے زیادہ بلندی پر واقع سراوت پہاڑی سلسلے کا حصہ ہیں جو جزیرہ نما عرب کے مغربی ساحل پر پھیلے ہوئے ہیں۔

جبال القھر فطرت اور مہم جوئی کے شوقین افراد کے لیےایک منفرد منزل ہے جہاں اونچی چوٹیاں اور وادی لجب جیسی گہری وادیاں موجود ہیں جو ایک خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں جس میں عمودی چٹانوں پر بہتے ہوئے پانی سے ایک حیرت انگیز منظر پیدا ہوتا ہے۔
جازان کا علاقہ موسمی پودوں سے سجا ہے جس میں جونیپر اور ببول کے درخت شامل ہیں جو برسات کے موسم میں اس علاقے کی غیر معمولی خوبصورتی کو بڑھاتے ہیں۔

القھر پہاڑوں میں قدیم چٹانوں کے نقش و نگار بھی موجود ہیں جو اس زمانے کی تہذیبوں کی عکاسی کرتے ہیں جو کبھی اس علاقے میں آباد تھیں۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ پہاڑ ماضی میں  قافلوں کے لیے ایک اہم تجارتی راستے کے طور پر کام کرتے تھے جو ان کی معاشی اور معاشرتی  اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔

القھر جس کا مطلب (غلبہ) ہے۔ اس علاقے کی ناہمور سطح سے منسوب ہے۔ جس نے مقامی باشندوں کو ماضی کی کہانیاں اور افسانے تخلیق کرنے کی ترغیب دی۔
جازان کے حکام نے الریث گورنریٹ میں جامع ترقیاتی اور خدمات کے مختلف منصوبوں کو نافذ کیا ہے جو  سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امید افزا مواقع فراہم  کرتے ہیں۔

 یہ ترقی الریث تک محدود نہیں  بلکہ ٹورازم انڈسٹری کے بنیادی ڈھانچے کی سپورٹ اور اسے بڑھانے کےلیے خطے کی تمام گورنریٹس تک پھیلی ہوئی ہے۔ القھر پہاڑوں کے سیاحتی مقامات پورا سال مقامی اور غیرملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔

احمد الوبرانی کا کہنا ہے ان پرکشش مقامات میں وادی لجب، معلق باغات اور بڑے بڑے غار شامل ہیں جو ایڈونچر اور کیمپنگ کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔

سیاح اس علاقے کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور ایک پرسکون ماحول میں ناقابل فراموش مہم جوئی کا آغاز کرسکتے ہیں جس میں حیرت انگیز نظارے ہیں جو دل کو مسحور کرتے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: