امریکی ویزا پروسیسنگ کے لیے 300 افغان باشندے فلپائن پہنچ گئے
امریکی ویزا پروسیسنگ کے لیے 300 افغان باشندے فلپائن پہنچ گئے
منگل 7 جنوری 2025 12:57
افغانستان میں معزول مغربی حمایت یافتہ حکومت کے ساتھ کام کرنے والے شامل ہیں۔ فوٹو اے پی
فلپائن اور امریکی حکام نے پیر کے روز بتایا ہے’300 افغان شہری عارضی قیام کے لیے فلپائن پہنچے تاکہ ان کی امریکہ میں آبادکاری کے لیے کارروائی کی جا سکے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فلپائن اور امریکہ نے گزشتہ سال جولائی میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت امریکی سپیشل امیگرنٹ ویزے کی پروسیسنگ مکمل نہ ہونے تک سیکڑوں افغانوں کو منیلا میں رہنے کی اجازت دی گئی۔
فلپائن کی وزارت خارجہ کی ترجمان ٹریسٹا دازا نے ایک بیان میں کہا ’ محکمہ خارجہ نے موجودہ قوانین و ضوابط کے مطابق ان درخواست دہندگان کو فلپائن کے ویزے جاری کیے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا ’ فلپائن کی قومی سلامتی کے اداروں کی طرف سے تمام درخواست دہندگان نے وسیع حفاظتی جانچ اور تحقیقات کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ افغان درخواست دہندگان میں 300 افراد شامل ہیں۔
فلپائن کے محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے ’معاہدے کے تحت امریکی حکومت افغانوں کے منیلا میں قیام کے اخراجات اٹھائے گی، جس میں کھانا، رہائش، طبی سہولیات، سیکیورٹی اور نقل و حمل شامل ہیں۔’
امریکی سفارتخانے کے ایک بیان میں کہا گیا تھا ’افغان باشندے امریکی محکمہ خارجہ کے افغان نقل مکانی کی کوششوں کے زیرانتظام سہولتوں کے تحت یہاں قیام کریں گے۔‘
قبل ازیں فلپائن کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا تھا ’افغان باشندے 59 دن سے زیادہ قیام نہیں کر سکتے اور انہیں اپنی رہائشی سہولت تک محدود رکھا جائے گا، امریکی ویزہ درخواست دہندگان نے میڈیکل سکریننگ افغانستان میں ہی مکمل کی ہے۔
ہزاروں افغان شہری اگست 2021 میں طویل جنگ کے خاتمے کے بعد امریکی افواج کے افغانستان کے انخلا کے ساتھ ہی اپنے ملک سے فرار ہو گئے تھے، یہ وہ شہری تھے جنہوں نے معزول مغربی حمایت یافتہ حکومت کے ساتھ کام کیا تھا۔
امریکہ میں خصوصی امیگرنٹ ویزا پروگرام کے تحت آباد ہونے کے لیے ہزاروں افراد کو تیسرے ممالک میں رکھا گیا ہے جہاں وہ امریکی ویزے کی پروسیسنگ کا انتظار کر رہے ہیں۔