جمائما گولڈ سمتھ جنوبی افریقہ میں پہاڑی سے گر کر زخمی
منگل 7 جنوری 2025 10:39
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
جمائمہ گولڈ سمتھ نئے سال کا جشن منانے کے لیے جنوبی افریقہ کے دورے پر تھیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام جمائمہ گولڈ سمتھ)
عمران خان کی سابق اہلیہ اور معروف فلم پرڈویوسر جمائما گولڈ سمتھ جنوبی افریقہ میں پہاڑی سے گر کر زخمی ہو گئی ہیں۔
ٹیلی گراف کے مطابق جمائما کیپ ٹاؤن کی لائنز ہیڈ کی سمٹ پر ہائیکنگ کے دوران گر کر زخمی ہوئیں جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کیں جن میں انہیں وہیل چیئر اور بیساکھیوں کے ساتھ دیکھا گیا۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور بین الاقوامی کرکٹر عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نیا سال منانے کے لیے جنوبی افریقہ کے دورے پر تھیں۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’کیپ ٹاؤن میں جشن کے لیے بریک، سال 2025 کی بلندیوں اور پستیوں کو گلے لگانا (دوستوں اور خاندان کے ساتھ لائنز سمٹ کے ناقابل یقین نظارے اور پھر گرنا) لوگوں کو نیا سال مبارک ہو۔‘
جمائما نے اپنی پوسٹ میں ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں زخمی حالت میں ہسپتال منتقل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔