Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چار نیشنل ایوارڈز جمائمہ کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کے نام

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کی فلم ’وٹس لوو گوٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ نے چار نیشنل ایوارڈز جیت لیے ہیں۔
منگل کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جمائمہ گولڈ سمتھ نے اپنی پوسٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ اُن کی فلم نے چار نیشنل ایوارڈز حاصل کر لیے ہیں۔
جمائمہ گولڈ سمتھ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’کوئی بھی اپنی تعریف خود نہیں کرنا چاہتا، لیکن واہ واہ واہ۔ ہم نے چار ایوارڈز نیشنل فلم ایوارڈز اپنی فلم وٹس لوو گوٹ ٹو ڈو وِد اِٹ کے لیے جیتے ہیں اور میں بہت ممنون ہوں اور خوش ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ان کی فلم نے بیسٹ سکرین پلے، بیسٹ برٹش فلم، بیسٹ ڈائریکٹر اور بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کے ایورڈز جیتے ہیں۔
اس فلم میں بیسٹ سکرین پلے کا ایوارڈ جمائمہ گولڈ سمتھ، بیسٹ ڈائریکٹر کا ایوارڈ شیکھر کپور اور بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ عاصم چودھری نے جیتا ہے۔
وٹس لوو گوٹ ٹو ڈو وِد اِٹ رواں برس 24 فروری کو ریلیز کی گئی برطانوی فلم ہے جس کی ہدایت کاری شیکھر کپور نے کی تھی جبکہ اسے پروڈیوس جمائمہ گولڈ سمتھ نے کیا تھا۔
وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ رومانوی ڈرامہ نوعیت کی فلم ہے جس کی کہانی پاکستانی اور برطانوی فیملی کے گرد گھومتی ہے جنہیں رشتے کی تلاش ہے، فلم کے ٹریلر میں پاکستانی اور برطانوی ثقافت کا خوب صورت امتزاج دکھایا گیا ہے۔
اس فلم میں میں لِلی جیمز، شہزاد لطیف، شبانہ اعظمی، سجل علی، عاصم چودھری اور ایما تھومپسن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
یہ فلم برطانیہ اور پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا میں بھی ریلیز کی گئی تھی۔
جمائمہ گولڈ سمتھ کی انسٹاگرام پوسٹ پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
انسٹاگرام صارف افراح کہتی ہیں کہ ’کوئی شک نہیں مسٹر اور مسز خان دونوں چیمپئنز ہیں۔‘
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’بہت بڑی بات ہے۔ پوری ٹیم کو مبارک ہو۔‘
بیلا فرائڈ نے تبصرہ کیا کہ ’اس سے زیادہ کوئی حق دار نہیں ہے۔ مجھے یہ فلم بہت پسند آئی ہے۔‘
بُروس کی بو نے لکھا کہ ’سب سے اچھی فلم ہے۔ اس دن میں نے یہ فلم جہاز میں دیکھی اور یہ شاندار ہے۔ ایوارڈ کی حقدار ہے۔‘

شیئر: