Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان کو دھمکیاں ملنے کے بعد سیکورٹی سخت، گھر میں بُلٹ پروف شیشے نصب

سلمان خان کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)ٰ
بالی وُڈ کے مشہور اداکار سلمان خان کو دھمکیاں ملنے کے بعد ان  کے ممبئی میں واقع گھر کے باہر سیکوٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
گلیکسی اپارٹمنٹس میں واقع ان کے گھر میں بُلٹ پروف شیشے نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لیے الیکٹرک فینسنگ کا بندوبست بھی کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے انتظامات کی فوٹو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔
انڈیا ٹو ڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق 59 سالہ سلمان خان کے دوست انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی کے  قتل کے بعد  اداکار کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان کے گھر پر بُلٹ پروف شیشے نصب کیے گئے ہیں جبکہ کچھ مزدوروں کو بلُٹ پروف شیشے کو نصب کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب سلمان خان کو وائی پلس سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے جبکہ پولیس کا ایک سکواڈ بھی اب سلمان خان کی حفاظت پر مامور رہے گا۔
اہر قسم کے ہتھیار چلانے میں مہارت رکھنے والا ایک کانسٹیبل بھی سلمان خان کی حفاظت کے لیے ان کے ساتھ موجود رہے گا۔
دوسری طرف مہاراشٹر میں واقع سلمان خان کے فارم ہاؤس کے باہر بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے متعدد دھمکیاں دی گئی ہیں جبکہ اسی گینگ کی جانب سے ’کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس‘ کے تنازع میں سلمان خان پر حملہ بھی کیا گیا تھا۔
اپریل 2024 میں سلمان خان کے گھر پر نامعلوم فرد کی جانب سے  پستول سے فائرنگ کی گئی تھی تاہم فائرنگ کے اس واقعے میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔
سلمان خان ان دنوں اپنے ٹی وی ریئیلٹی شو ’بگ باس‘ اور رواں سال عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

شیئر: