کنگ فیصل ایوارڈ : 2025 کے فاتحین کا اعلان کل ہو گا
کنگ فیصل ایوارڈ : 2025 کے فاتحین کا اعلان کل ہو گا
منگل 7 جنوری 2025 21:33
کنگ فیصل ایوارڈ 1977 میں قائم کیا گیا اور پہلی بار یہ ایوارڈ 1979 میں دیا گیا۔ فوٹو کنگ فیصل فاؤنڈیشن
شاہ فیصل ایوارڈ 2025 کے فاتحین کا اعلان 8 جنوری بدھ کو ریاض میں منعقد ہونے والی تقریب میں کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ فیصل ایوارڈ جنرل سیکریٹریٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے ’اسلامی مطالعات، عربی زبان و ادب، طب اور سائنس سے متعلق چار زمروں میں ایوارڈز کے لیے خصوصی انتخابی کمیٹیاں پیر سے ایوارڈ کے ہیڈکوارٹر میں جمع ہوئیں۔‘
جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے موضوعات کے اعلان کے بعد کنگ فیصل ایوارڈز 2025 کے لیے مشاورت کا سلسلہ 8 جنوری تک جاری رہے گا۔
اسلامی مطالعات کا موضوع جزیرہ نما عرب میں آثار قدیمہ کے مطالعات پر مبنی ہے، عربی زبان و ادب کا موضوع عربی ادب میں شناخت کے مطالعات کو اجاگر کرتا ہے، طب میں سیلولر تھراپی پر روشنی ڈالی گئی ہے اور سائنس کے شعبے کے لیے ایوارڈ کا مرکز فزکس ہے۔
کنگ فیصل ایوارڈ کے لیے انتہائی اعلی معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کی نامزدگیاں یقینی بنائی جاتی ہیں جو یونیورسٹیوں، تحقیقی مراکز اور سائنسی اداروں کے حوالے سے قبول کی جاتی ہیں۔
جنرل سیکریٹریٹ نے مزید وضاحت میں بتایا ہے ’ ایوراڈ کے لیے انفرادی یا سیاسی گروپوں سے نامزدگیاں قبول نہیں کی جاتیں، امیدوار کا زندہ ہونا اور ان کا کام پہلے سے شائع شدہ علمی طور پر اثرانگیز اور انسانیت کی ترقی کے لیے فائدہ مند ہونا چاہیے۔
شاہ فیصل ایوارڈ کے لیے اس سال انتخابی کمیٹیوں میں 16 مختلف ممالک کے ممتاز سکالرز اور ماہرین شامل ہیں اور اعلیٰ ترین دیانتداری کے اصولوں کے مطابق تشخیصی عمل کیا جاتا ہے۔
ریاض کے الفیصلیہ سینٹر میں پرنس سلطان گرینڈ ہال میں 8 جنوری رات 8 بجے جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے تقریب منعقد ہو گی جس میں کنگ فیصل ایوارڈز فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔
کنگ فیصل ایوارڈ 1977 میں کنگ فیصل فاؤنڈیشن کے ذریعے قائم کیا گیا اور پہلی بار یہ ایوارڈ 1979 میں دیا گیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں