Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الاحسا کا تاریخی بازار ’القیصریہ‘ جہاں عرب اور خلیجی سیاح کھنچے چلے آتے ہیں

اس بازار میں دستکاری کے لیے ایک مخصوص حصہ ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے علاقے الاحسا کے قلب میں واقع ایک تاریخی بازار جسے یہاں کے لوگ ’سوق القیصریہ‘ کے نام سے جانتے ہیں۔
 یہ بازار اپنے قدیم فن تعمیر کے علاوہ تنگ ڈھکے ہوئے راستوں اور متنوع دکانوں کے باعث خریداروں اور ورثے کے شوقین افراد کےلیے ایک پسندیدہ مقام ہے۔


یہ تاریخی بازار غیرملکی سیاحوں میں بھی مقبول ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

یہ سوق جزیرہ نما عرب کے روایتی بازاروں میں سے ایک ہے جو آج بھی ایک تاریخی مقام کے طور پر موجود ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے’ کے مطابق یہ بازار جو الاحسا گورنریٹ میں الھفوف شہر کے مرکز میں الرفعہ کے قریب مغربی جانب واقع ہے عرب اور خلیجی ممالک کے باشندوں کے ساتھ دنیا بھر کے غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔
غیرملکی سیاح اس کے منفرد ماحول اور ثقافتی اہمیت کی وجہ سے یہاں آتے ہیں۔

غیرملکی سیاح  منفرد ماحول اور ثقافتی اہمیت کی وجہ سے یہاں آتے ہیں (فوٹو ایس پی اے)

 یونیسکو نے 2018 میں اسے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرکے اس کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔
القیصریہ بازار جس کا آغاز 1238ھ مطابق 1822 میں ہوا، اس کا رقبہ 7 ہزار مربع میٹر اور اس میں 14 داخلی دروازے ہیں۔
کھلی راہداریوں کے ساتھ 422 سے زیادہ دکانیں ہیں۔ یہ دکانیں انتہائی خوبصورت نقش سے سے بنے لکڑی کے دروازوں سے مزین ہیں۔
اس مارکیٹ کی راہداریاں لالٹینوں اور قمقموں سے روشن ہیں۔ چھت کی سیلنگ لکڑی سے بنائی گئی ہے جبکہ دکاندار اپنا سامان دکان کے باہر سجاتے ہیں۔

القیصریہ بازار کا آغاز 1822 میں ہوا تھا ۔ (فوٹو ایس پی اے)

 القیصریہ بازار میں خریداروں کےلیے مختلف ضروریات کی اشیا جس میں مردانہ ثوب، بشت، خواتین کے لباس اور خواتین کا آرائشی سامان، کھانے پینے کی اشیا، برتن، سونے کی اشیا، سفری بیگ اور اسی طرح کی دیگر اشیا دستیاب ہیں۔ دستکاری کےلیے ایک ایک مخصوص حصہ موجود ہے۔
سوق القیصریہ ایک اہم معاشی کردار ادا کرتا ہے جو یہاں کے دیگر تاریخی، ثقافتی مقامات جیسے قدیم محلوں، مینار، مساجد اور دیگر روایتی بازاروں کے ساتھ الاحسا کی تاریخی، ثقافتی اور معاشی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

 

شیئر: