سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کئی مشہور ثقافتی بازار قائم ہیں۔ فوٹو: سیدتی
سعودی عرب کے لوگ رمضان میں عموماً پرانے ثقافتی بازاروں کا رُخ کرتے ہیں۔ سیاح ان بازاروں سے قدیم اشیاء اور قدیم ثقافتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایسے کئی مشہور ثقافتی بازار قائم ہیں جہاں شہر کی بلند وبالا عمارتوں اور جدید بازاروں کو چھوڑ کر آنے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔
سوق الزل
سوق الزل بازار میں اب کافی ترقی ہوگئی ہے لیکن یہ اب بھی اپنی قدیم خصوصیات کو برقرار رکھتا ہے۔ اس بازار میں بخور، عود اور روایتی لباس، جیسے شمغہ، مشہل، انگوٹھی اور مقامی جوتے، زیورات، مختلف نوادرات اور تحائف کے علاوہ دستکاری وغیرہ کا سامان فروخت ہوتا ہے۔
سوق الزل کا نام اس کی مختلف اقسام اور ڈیزائنوں میں قالین کی مقبولیت کی وجہ سے پڑا ہے۔
یہ بازار مردوں کے لباس، جیسے جلابیے، قالین، سجاوٹ کی چیزوں، سونے کے زیورات، چاندی کے خنجروں اور دستکاری فروخت کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
شارع السویلم
اس میں تزئین وسجاوٹ کی اشیاء ہوتی ہیں۔ بلکہ کہا جا سکتا ہے کہ یہاں ہر وہ شخص خریداری کے لیے آتا ہے جسے شادی کی تیاری کرنی ہو۔ نیز برتنوں سمیت گھریلو سامان اور کم قیمت پر کھیل کی چیزیں بھی دستیاب ہوتی ہیں۔
مرکز المعیلقیہ التجاری
یہ ایک بہت بڑی جگہ ہے جہاز سلائی کے اوزار، کپڑے، مٹھائیاں، مصالحے، شہد،عود اور میک اپ کا سامان ملتا ہے۔
اسواق طبیہ
یہ ایک ایسی مارکیٹ ہے جہاں مختلف طرح کی اشیا دستیاب ہیں۔ یہاں قالین کی بڑی ورائٹی موجود ہے۔ اس کے علاوہ سونے اور خوشبو کی دکانیں، شیشے کا سامان اور میک اپ بھی ملتا ہے۔ یوں تو یہاں خواتین کی اشیائے ضرورت زیادہ پائی جاتی ہیں لیکن اس کے علاوہ موبائل اور جوتے بھی ملتے ہیں۔
اسواق العویس
یہ فرنیچر، قالین اور ملکی و غیر ملکی کمبل کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔
سوق مکہ
بہت ساری خواتین کپڑے کے معیار کے لیے اس مارکیٹ کا رُخ کرتی ہیں، اور شادی کے سستے لباس، جوتے اور دیگر لوازمات خریدتی ہیں۔
سوق بطحاء
اس بازار میں مشرقی ایشیا سے مختلف اور مخصوص سامان آتا ہے، جو اعلیٰ معیار اور کم قیمت ہوتا ہے۔ خاص طور پر سونا، موبائل فون، کپڑے، گھریلو اور بجلی کا ساز و سامان، سبزیاں، پھل اور مچھلی وغیرہ۔ اس کے آس پاس مشہور ریستوران اور کیفے موجود ہیں۔
اس مارکیٹ میں القسمین سوٹ شامل ہے، جو اپنے مختلف سٹورز کے لیے مشہور ہے اور جہاں کپڑے، سونا اور دستکاری ملتا ہے۔
سوق حجاب
یہ بازار اپنے مصالحے، دواؤں کی جڑی بوٹیوں، کھانے کی مصنوعات، کپڑے اور گھریلو ضروریات کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہی وجہ سے کہ یہ زیادہ تر خواتین کے لیے ایک پسندیدہ جگہ بن جاتی ہے۔
سوق الدیرہ
یہ اپنے کپڑے، لباس، شال، گاؤن ، بچوں کے لباس، سونے اور دستکاری کے لیے مشہور بازار ہے۔