سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے پاکستان کے صوبہ پنجاب اور خیبرپختون خواہ میں ضرورت مند خاندانوں میں 1 ہزار سے زائد اشیائے خورونوش کے پیکٹس تقسیم کیے۔
مرکز کی جانب سے تقسیم کیے جانے والی اشیائے خورونوش سے 6 ہزار 279 افراد مستفیض ہوں گے جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے رہائشی تھے۔
جمہوریہ چاڈ میں شاہ سلمان مرکز کی جانب سے طبی آلات فراہم کیے گئے ۔ چاڈ میں موجود سعودی عرب کےنائب سفیر محمد عبدالعزیز السالم نے چاڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر عبدالمجید عبدالرحیم کے حوالے کیے۔
سعودی نائب سفیر نے مرکز کی جانب سے چاڈ میں لوگوں کی سہلت کے لیے پہلے پانی کے منصوبے کا افتتاح کیا جہاں سے علاقے کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسرآئے گا۔
منصوبے کے تحت 26 کنوئیں کھودے جائیں گے جن سے پانی نکالنے کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والے پمپس نصب ہوں گے ۔ منصوبے کے تحت مختلف علاقوں میں 115 کنوئیں تیار کیے جائیں گے جن سے مختلف علاقوں کے ایک لاکھ 58 ہزار افراد مستفیض ہوں گے۔
جمہوریہ مالی میں بھی شاہ سلمان مرکز کی جانب سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح سعودی عرب کے سفیر عبداللہ صبر نے کیا ان کے ہمراہ جمہوریہ مالی کے وزیر دینی امور محمد عمر کونی اور دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے۔
امدادی مرکز کی جانب سے جمہوریہ شام کے شہر حارم میں ضرورت مند خاندانوں کو موسم سرما کے ملبوسات خریدنے کےلیے کوپنز تقسیم کیے گئے تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق کوپنز سے ملبوسات خرید سکیں۔
شام کے دیگر علاقوں میں بھی شاہ سلمان مرکز امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے جن میں ضرورت مند خاندانوں کو موسم سرما کے حوالے سے ضروری اشیا کی فراہمی اور طبی کیمپوں کا قیام شامل ہے۔