Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: نو مئی واقعات، ’105 ملزمان کا ٹھوس شواہد کی بنیاد پر فوجی عدالتوں میں ٹرائل جاری‘

اہم نکات:

  • نو مئی واقعات، 105 افراد کے خلاف فوجی عدالتوں میں ٹرائل جاری: ایڈیشنل اٹارنی جنرل
  • مستونگ میں عسکریت پسندوں کا لیویز کی چوکی پر حملہ
  • 26 نومبر کا احتجاج، تحریک انصاف کے 153 کارکنان کی ضمانتیں منظور
  • پی آئی اے جلد ہی برطانیہ کے تین شہروں کی فلائٹ کا آغاز کرے گی، خواجہ آصف
  • پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ، سعودی عرب سرفہرست

105 ملزمان کا ٹھوس شواہد کی بنیاد پر فوجی عدالتوں میں ٹرائل جاری ہے: ایڈیشنل اٹارنی جنرل

فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے مقدمات سے متعلق سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 9 مئی کے واقعات میں تقریباً پانچ ہزار ملزمان ملوث تھے جن میں سے 105 کے خلاف فوجی عدالتوں میں ٹرائل جاری ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامررحمان نے عدالت کو  بتایا کہ جن 105 ملزمان کا ٹرائل جاری ہے ان کے خلاف جائے وقوعہ پر موجودگی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

کیا آرمی افسر کو سزائے موت جیسے فیصلے دینے کے لیے مطلوبہ تجربہ ہوتا ہے؟‘

فوجی عدالتوں کے قیام اور ان کے طریقۂ کار سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی کے دوران جسٹس جمال خان مندوخیل نے استفسار کیا کہ ’کیا ایک آرمی افسر کو سزائے موت جیسے فیصلے دینے کے لیے مطلوبہ مہارت اور تجربہ حاصل ہوتا ہے؟‘
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ ’فوجی عدالتوں میں ٹرائل کرنے والا افسر خود فیصلہ نہیں سناتا بلکہ کیس کسی بڑے افسر کو بھیج دیا جاتا ہے۔ کیا یہ ممکن ہے کہ جس نے مقدمہ سنا ہی نہ ہو، وہ سزا یا جزا کا فیصلہ کرے؟‘
وزارتِ دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ وہ ملٹری ٹرائل کے طریقۂ کار پر تفصیلی دلائل بعد میں دیں گے۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں سے متعلق کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔ 

کوئٹہ: کوئلہ کان میں پھنسے 11 کان کنوں کو 20 گھنٹے بعد بھی نہیں نکالا جا سکا

کوئٹہ کے قریب کوئلہ کی ایک کان میں گیس دھماکے بعد 12 کان کن ہزاروں فٹ کی گہرائی میں پھنس گئے۔
حکام کے مطابق اب تک ایک کان کن کی لاش نکالی جا چکی ہے۔ باقی کان کنوں کو 20 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی نہیں نکالا جا سکا۔ کان کنوں کے زندہ بچ جانے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
چیف انسپکٹر مائنز بلوچستان عبدالغنی نے اردو نیوز کو بتایا کہ حادثہ جمعرات کی شام کو کوئٹہ سے تقریباً 40 کلومیٹر دور سنجیدی میں پیش آیا جہاں یونائیٹڈ کمپنی کی ایک کوئلہ کان میں میتھین گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد کان منہدم ہوگئی اور 12 کان کن دو سے چار ہزار فٹ کی گہرائی میں پھنس گئے۔
چیف انسپکٹر مائنز عبدالغنی کے مطابق ملبے کی وجہ سے کان میں داخل ہونے کا راستہ بند ہو گیا ہے جس کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پی آئی اے جلد برطانیہ کے تین شہروں میں آپریٹ کرے گی: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’پورے یورپ کے لیے قومی ایئرلائن کی پروازیں بحال ہو گئی ہیں۔ پی آئی اے جلد ہی برطانیہ کے تین شہروں کی فلائٹ کا آغاز کرے گی۔‘
تقریبا ساڑھے چار سال بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پہلی پرواز آج جمعے کو 12 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ’ہم چاہیں گے کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کی جائے۔ ہم پی آئی اے کے ذریعے مارکیٹ میں دوبارہ اپنی جگہ بنائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ آج یورپ جانے والی فلائٹ کی 100 فیصد بکنگ ہوئی ہے اور آئندہ پروازوں کی بھی 100 فیصد سیٹیں بک ہو چکی ہیں۔ 

26 نومبر کا احتجاج: پی ٹی آئی کے 153 کارکنان کی ضمانتیں منظور

انسداد دِہشتگردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیسز میں تحریک انصاف کے 153 کارکنان کی ضمانتیں منظور جبکہ 24 کی مسترد کردی ہیں۔
انسداد دِہشتگردی عدالت اسلام آباد نے تحریک انصاف کے 177 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض ضمانتیں منظور کی ہیں۔
تھانہ کراچی کمپنی کے 48 ملزمان میں سے 43 کی ضمانتیں منظور جبکہ پانچ کی خارج کی گئیں۔ تھانہ سیکریٹریٹ کے تمام 25 ملزمان کی ضمانتیں منظور ہوئیں۔


ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی ویب سائٹ سے سائلین کو فائدہ ہوگا: چیف جسٹس عامر فاروق

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی ویب سائٹ لانچ کر دی گئی ہے جس کا سائلین کو فائدہ ہوگا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹس کی آفیشل ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ویب سائٹ دستیاب تھی لیکن ڈسٹرکٹ کورٹس کی نہیں تھی۔
’اس ویب سائٹ کے ذریعے گھر بیٹھے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ مسائل کے حل کے لیے جو ممکن ہو سکا کروں گا۔‘
چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ ایک سال میں اسلام آباد کی جوڈیشری نے ایک لاکھ 19 ہزار کیسز نمٹائے۔ ’میری کوشش رہی ہے کہ آپ جو بھی مسئلہ لے کر آئیں اُسے حل کروں۔‘

’ایک سال میں 30 ارب ڈالر سے زائد ترسیلاتِ زر معیشت کے لیے لائف لائن ہیں‘

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ ’مالی سال 2023-2024 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 30 ارب ڈالر سے زیادہ بھیجے جو ہماری معیشت کے لیے ایک لائف لائن ہے۔‘
اسلام آباد میں آئی ٹی اور جاپانی لینگویج انٹرن شپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’افرادی قوت، مہارتوں اور عالمی روزگار بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر عالمی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ’اس طرح کے پروگرام ہنر مند  افرادی قوت کو منافع بخش منڈیوں تک رسائی کے قابل بناتے ہیں اور ترسیلاتِ زر کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘

’معیشت کا پہیّہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے‘

وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2024 تک 3.1 ارب ڈالر ترسیلاتِ زر وصول ہوئیں جو کہ نومبر 2024 سے 5.6 فیصد زیادہ ہے۔
’ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔‘

پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ، دسمبر میں بھی سب سے زیادہ سعودی عرب سے

پاکستان کے سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کے آخری مہینے دسمبر کے دوران سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں نے بھیجیں۔
جمعے کو سٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں دسمبر 2024 کے دوران کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کی تفصیلات دی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق دسمبر 2024 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے 3.1 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر بھیجیں۔
مرکزی بینک نے کہا کہ ’دسمبر 2024 کے دوران سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 77 کروڑ ڈالر (770.6 ملین ڈالر) بھیجیں۔‘

وزیر داخلہ محسن نقوی اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، کرم کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور ضلع کُرم میں قیامِ امن کے لیے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ضلع کرم میں امدادی اشیاء کے قافلوں کی پارا چنار آمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ’کرم میں قیامِ امن کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا ہے۔ بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم ایشو کو غلط رنگ دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کی بہتری کے لیے گرینڈ جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ 

بلوچستان: مستونگ میں مسلح افراد کا لیویز چوکی پر حملہ، اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا

کوئٹہ سے ملحقہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے لیویز کی چوکی پر حملہ کر کے اہلکاروں کا اسلحہ چھین لیا اور سیمنٹ فیکٹری کی مشینری کو بھی آگ لگا دی۔
لیویز حکام کے مطابق واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مستونگ کے علاقے دشت اور کولپور کے درمیانی علاقے میں پیش آیا۔
حملے کے وقت چوکی میں صرف تین اہلکار موجود تھے جنہیں مسلح افراد نے یرغمال بنا کر ان کا اسلحہ، موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین لیے۔
ایس ایچ او دشت لیویز تھانہ اختر محمد نے اُردو نیوز سے بات کرتے ہوئے اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی تصدیق کی اور بتایا کہ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

شیئر: