وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے یہ پوچھا گیا ہے کہ صوبے میں انٹرنیٹ کی رفتار کیوں کم ہے مگر وجہ کسی کو معلوم نہیں ہے۔
خیببرپختونخوا میں انٹرنیٹ کی کم سپیڈ کی وجہ سے آئی ٹی کا شعبہ بہت زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر شفقت ایاز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پورے صوبے میں انٹرنیٹ کا مسئلہ ہے لیکن اس کی وجوہات کا کسی کو علم نہیں۔ ہمارے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں فور جی سمیت وائی فائی کی سپیڈ بھی سست ہے جس کی وجہ سے تمام امور متاثر ہورہے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے اردو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت نے پی ٹی اے کے چیئرمین کو خط لکھا جس کے بعد ان کے نمائندے نے پشاور میں آئی ٹی کے دفتر کا دورہ کیا۔ پی ٹی اے حکام نے خود تمام صورتِ حال کا جائزہ لیا اور کچھ آلات لگانے کا مشورہ دیا۔
معاون خصوصی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ ’پی ٹی اے حکام سے پوچھا گیا ہے کہ ہمارے صوبے میں انٹرنیٹ کی رفتار کو کیوں کم کیا گیا ہے جس کا ہمیں کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا جارہا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے پی ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں انٹرنیٹ سپیڈ کو تیز کیا جائے کیوں کہ آئی ٹی سے منسلک کاروبار متاثر ہو رہے ہیں جن سے ہمارے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کا روزگار جڑا ہوا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’خیبرپختونخوا کی بیشتر خواتین اور نوجوان آن لائن کاروبار سے وابستہ ہیں، ان کی وجہ سے ملک میں پیسہ آرہا ہے، حالات اگر یہی رہے تو اُن کے کاروبار بند ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے وفاقی وزیر مملکت شزا فاطہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے کی مضحکہ خیز وجہ بتائی گئی ہے کہ انٹرنیٹ کا استعال زیادہ ہونے کی وجہ سے نیٹ سپیڈ متاثر ہوئی ہے۔ اب اگر استعمال زیادہ ہے تو حکومت انٹرنیٹ سپیڈ بڑھانے کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے؟‘
معاون خصوصی ڈاکٹر شفقت ایاز کے مطابق ’پہلے شارک مچھلی کا بہانہ بنایا جاتا تھا مگر شارک نے ہاتھ جوڑ کر ان سے معافی مانگ لی ہے کہ میرا نام مت لو۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وفاق جان بوجھ کر انٹرنیٹ کو بند کر رہا ہے وہ ہماری حکومت کو آگے بڑھتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا لیکن ہم پھر بھی ان کو نہیں چھوڑیں گے۔‘
’خیبرپختونخوا حکومت ایلون مسک سے رابطہ کرے گی‘
وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ ’پی ٹی اے سے انٹرنیٹ کا مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی ہے اگر اس کے باوجود وفاق کی جانب سے کوئی اقدام نہ کیا گیا تو خیبرپختونخوا حکومت وزیراعلیٰ کی اجازت کے بعد ایلون مسک کو خط لکھے گی، تاکہ سٹار لنک کا انٹرنیٹ ہمیں ملے اور ہم اپنا مسئلہ خود حل کرسکیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’حکومت نے صارفین کو وی پی این کے استعمال پر مجبور کردیا ہے جس کی وجہ سے انٹرنیٹ کی رفتار مزید کم ہوگئی ہے۔ اب وی پی این کی وجہ سے آئی ٹی کی آمدن بھی بیرونِ ملک منتقل ہو رہی ہے۔ ہمارے بہت سے آئی ٹی ایکسپرٹس اور فری لانسرز دبئی منتقل ہوگئے ہیں جس سے ہمارے اپنے ملک کا نقصان ہوا ہے۔‘
ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ ’وفاق میں ہماری حکومت دوبارہ آئی تو ہم آئی ٹی کے شعبے کو مزید مستحکم بنائیں گے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نےکہا تھا کہ ’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایلون مسک کی سیٹلائٹ کمپنی سٹار لنک کو پاکستان لے آئیں۔‘