سعودی اور پاکستانی پاسپورٹ کی 2025 میں عالمی رینکنگ کیا رہی؟
ہینلے انڈیکس میں افغانستن آخری 106 نمبر پر رہا ہے ( فوٹو: سبق)
دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ جاری کرنے والے ادارے ’ہینلے اینڈ پارٹنرز‘ پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سنگاپور نے مضبوط ترین پاسپورٹ رکھنے والے واحد ملک کی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
سال 2025 کے لیے طاقتور پاسپورٹوں کی فہرست میں سعودی عرب کے پاسپورٹ 199 ممالک کی فہرست میں 58 نمبر پر پہنچ گیا جبکہ گزشتہ برس اس کی رینکنگ 61 تھی۔
امارات نے گزشتہ برس کی پوزیشن کو برقرار رکھا ہے، انڈیکس میں 10 ویں نمبر پر ہے۔ قطر کا 47 ویں، کویت 50 ویں اور بحرین 58 ویں نمبر پر ہے۔
سبق نیوز کے مطابق پاسپورٹ انڈیکس میں 199 ممالک کے پاسپورٹوں کا تجزیہ کیا گیا جس میں ان ممالک کو ٹاپ پر رکھا گیا تھا جن کے شہریوں کو بغیر پیشگی ویزے لیے مختلف ممالک میں سفر کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔
سنگاپور کے شہری 195 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کرسکتے ہیں جبکہ جاپان دوسرے نمبر پر رہا جس کا پاسپورٹ رکھنے والے 193 ممالک میں بغیرپیشگی ویزا لیے جاسکتے ہیں۔
آسٹریا، ڈنمارک، آئرلینڈ ، لکسمبرگ، نیدرلینڈ، ناروے اور سویڈن کا پاسپورٹ فہرست میں چوتھے نمبر پر رہا جن کے شہریوں کو 191 ممالک میں بغیر ویزے کے داخل ہونے کی اجازت ہے۔
جبکہ بیلجیم، نیوزی لینڈ، پرتگال، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کا فہرست میں 5 واں نمبر ہے جن کے شہریوں کو 190 ممالک میں پیشگی ویزے کی ضرورت نہیں۔
سب سے بڑا دھچکا امریکہ کو پہنچا جو اس برس فہرست کے اعتبار سے نویں نمبر پرگر گیا جبکہ وینزولا کا نمبر بھی 9 رہا۔
کمزور ترین عرب پاسپورٹ کے طور پر شام دنیا میں 105 ویں جبکہ عراق 104 ویں نمبر پر ہے۔
ہینلے انڈیکس میں افغانستن آخری 106 نمبر پر رہا، بغیر ویزے کے صرف دو مقامات تک رسائی حاصل ہے ۔
پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والے ملکوں کی اس فہرست میں یمن کے ساتھ 103 ویں نمبر پر ہے جبکہ نیپال 101 اور صومالیہ 102 نمبر کے ساتھ اس سے آگے ہیں۔