571 بین الاقوامی کمپنیوں کے ریجنل ہیڈ کوارٹر ریاض منتقل ہوچکے: خالد الفالح
’صنعتی سیکٹر میں 30 فیصد غیرملکی سرمایہ کاری مملکت منتقل ہوئی (فوٹو: عاجل)
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا ہے کہ’ مملکت میں بین الاقومی کمپنیوں کے لیے ریجنل ہیڈ کواٹر کا اقدام بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔‘
’بین الاقوامی کمپنیوں کے تعداد 571 تک پہنچ گئی ہے جنہیں لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ بیشتر کمپنیوں نے اپنے دفاتر بھی کھولے ہیں۔‘
اخبار 24 کے مطابق وزیر سرمایہ کاری نے ریاض میں منعقدہ ایک مذاکراتی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا’ تعمیرات کے حوالے سے مراعات دیئے جانے کامنصوبہ دو برس قبل شروع کیا گیا تھا اس دوران 310 ارب ریال کے 33 منصوبوں کو پذیرائی ملی۔‘
وزیر صنعت نے مزید کہا ’صنعتی سیکٹر میں 30 فیصد غیرملکی سرمایہ کاری مملکت منتقل ہوئی جبکہ وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے جاری کیے گئے لائسنسوں میں بھی 61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو بین الاقوامی کمپنیوں کو دیے گئے۔‘
ان کا کہنا تھا’ 2024 کی تیسرے سہ ماہی کے اختتام تک مینوفیکرچرنگ کے شعبے میں 142 بلین ریال کی سرمایہ کاری کی گئی جو خوش آئند اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب نے دارالحکومت میں ریجنل ہیڈکورٹر کھولنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کےلیے نئی ٹیکس مراعات کا اعلان کیا تھا۔
وزارت سرمایہ کاری نے وزارت خزانہ اور زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کے تعاون سے کمپنیوں کے لیے ٹیکس مراعات کا پیکیج دیا ہے۔
ایسی بین الاقوامی کمپنیوں کو جو سعودی عرب میں اپنا ریجنل ہیڈکوارٹر قائم کریں گی انہیں 30 برس تک ٹیکس سے استثنی ہوگا۔
ان سے ریجنل ہیڈکوارٹر پر انکم ٹیکس میں سہولت دی جائے گی۔ کمپنیوں کو پرمٹ کے اجرا کی تاریخ سے ٹیکس سہولتوں کی فراہمی شروع کی جائے گی۔