Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وژن نے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا: خالد الفالح

مملکت کے وژن 2030 کے بعد سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کار تیزی سے مملکت کا رخ کررہے ہیں۔ حال ہی میں مختلف ممالک کے 450 سرمایہ کاروں نے مملکت میں علاقائی مرکزی دفاتر کھولنے کے معاہدے کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر سرمایہ کاری نے ریاض میں منعقدہ ’ہیومن کیپبلیٹی انیشیٹو‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مملکت کے وژن 2030 کے اعلان کے بعد  بیرونی سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وژن کے اعلان سے قبل بیرونی سرمایہ کاری کے لیے جاری کیے جانے والے لائسنس کی تعداد 3 ہزار تھی جو کہ بڑھ کر 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے مزید کہا کہ سعودی عرب میں سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی ان کی مرضی کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا رواں دہائی کے دوران معیشت میں 3 ٹریلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری متوقع ہے جس کا بڑا حصہ نئے اقتصادی شعبوں کے لیے مخصوص ہوگا جن میں سیاحت، صحت، زراعت اور مالیاتی شعبہ جات وغیرہ شامل ہیں جن کے ذریعے افرادی قوت میں بھی بڑے پیمانے پر اضافہ ہوگا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: