Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملہ، سرجری کے لیے ہسپتال میں داخل

سیف علی خان اپنے کمرے میں سو رہے تھے جب ان پر حملہ ہوا۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز
بالی وڈ اداکار اور اداکارہ کرینہ کپور کے شوہر سیف علی خان چاقو کے حملے میں زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد ممبئی کے ہسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق حملہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ڈھائی بجے ہوا جب سیف علی خان اپنے کمرے میں سو رہے تھے۔
سیف علی خان ممبئی میں اپنی فیملی کے ہمراہ باندرا والے گھر میں موجود تھے جب حملہ آور اندر داخل ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیف علی خان چوری کی واردات میں زخمی ہوئے ہیں، گھر والوں کے جاگنے پر چور موقع سے فرار ہو گیا۔
باندرا پولیس نے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے ایک سینیئر افسر کا کہنا ہے کہ سیف علی خان کو ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس افسر کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں کہ سیف علی خان چاقو کے حملے سے زخمی ہوئے یا چور کے ساتھ ہاتھا پائی کے دوران انہیں چوٹیں آئی ہیں۔
’ہم تمام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ممبئی کرائم برانچ بھی علیحدہ سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔‘
دوسری جانب لیلاوتی ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر نیرج اتامنی نے کہا ہے کہ ’سیف پر ان کے گھر میں داخل ہونے والے ایک نامعلوم شخص نے حملہ کیا ہے۔ انہیں رات کو تین بج کر 30 منٹ پر ہسپتال لایا گیا۔ انہیں چھ زخم آئے ہیں جن میں سے دو گہرے ہیں۔ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ہے اور ہم ان کا آپریشن کر رہے ہیں۔ نیورو سرجن نیتن ڈانگے، کاسمیٹک سرجن لینا جین اور انیستھیزیا کی ڈاکٹر نیشا گاندھی آپریشن ٹیم میں شامل ہیں۔‘
  ڈاکٹر نیرج اتامنی نے کہا کہ سرجری کے بعد ہی زخموں کی نوعیت اور اس سے ہونے والے نقصان کا پتا چل سکے گا۔
سیف علی خان اپنی اہلیہ کرینہ کپور اور دو بچوں کے ساتھ ممبئی کے علاقے باندرا میں رہتے ہیں۔

 

 

شیئر: