Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب سیف علی خان نے ’شرمیلا ٹیگور کی وجہ سے‘ ہندی فلمیں دیکھنا چھوڑ دیں

سیف علی خان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ہندی فلمیں نہیں دیکھیں (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
اداکار سیف علی خان ایک منجھے ہوئے اداکار ہیں جن کے کریڈٹ پر بالی وڈ کی کئی سُپر ہٹ فلمیں ہیں۔ یہ تو آپ جانتے ہی ہوں گے کہ سیف علی خان لیجنڈری اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور کرکٹ لیجنڈ منصور علی خان پٹودی کے بیٹے بھی ہیں۔
انہوں نے گزشتہ برسوں میں کئی اعزازات اپنے نام کیے ہیں جن میں نیشنل فلم ایوارڈ اور پدم شری ایوارڈ بھی شامل ہے۔
ویسے تو سیف علی خان ہندی فلموں کا بڑا نام ہیں لیکن انہوں نے ایک بار یہ انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ہندی فلمیں نہیں دیکھیں جس کی وجہ اُن کی والدہ تھیں۔
شرمیلا ٹیگور کا شمار انڈین فلموں کی لیجنڈری اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور انہوں نے زیادہ تر ہندی اور بنگالی فلموں میں کام کیا ہے۔
بالی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق سیف علی خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’میں  ہندی فلمیں نہیں دیکھتا۔ میں نہیں جانتا کیوں۔ اپنے بچپن کے دنوں میں مجھے نروپما رائے کو سکرین پر روتے ہوئے دیکھنا یاد ہے۔ اس وقت میں نے (ہندی) کامیڈی فلمیں دیکھنے کا فیصلہ کیا۔‘
سیف علی خان نے بتایا کہ ’پھر میں نے اپنی والدہ (شرمیلا ٹیگور) کی فلم دیکھی، وہ بھی رو رہی تھیں اور میں انہیں روتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا تھا، اس لیے میں نے فلم دیکھنا چھوڑ دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب میں نے فلموں میں کام کرنا شروع کیا تو ان میں شوٹنگ کے بعد میں کچھ مختلف دیکھنا چاہتا تھا۔ اس لیے میں ہندی فلمیں نہیں دیکھتا۔ میں سنیما کا احترام کرتا ہوں لیکن میں ہندی فلمیں نہیں دیکھتا کیونکہ میں کام ختم کرنے کے بعد اپنے کام سے فرار چاہتا ہوں۔‘
سیف علی خان آخری بار فلم ’آدی پُرش‘ میں نظر آئے تھے جس کی کہانی ہندو مذہب کی تاریخی کہانی رامائن کے گرد گھومتی ہے۔
اس فلم میں پربھاس ’رام‘، کریتی سینن ’سیتا‘ اور سیف علی خان ’راون‘ کا کردار ادا کیا تھا۔
کرینہ کپور اور سیف علی خان 16 اکتوبر 2012 کو ممبئی میں ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔
یہ پٹودی خاندان کے چھوٹے نواب کی دوسری شادی تھی، اس سے پہلے انہوں نے 1991 میں اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی جنہوں نے ان سے شادی کے لیے سکھ مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کیا تھا۔
خیال رہے کہ سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی شادی کے بعد سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان پیدا ہوئے تھے جبکہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی کے بعد ان کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان پیدا ہوئے ہیں۔

شیئر: