حج کانفرنس و نمائش 2025 کے دوران 30 سعودی شیفس نے ’حج کُک‘ پروگرام کا ٹیسٹ پاس کیا ہے۔ یہ شیفس اس سال حج کے دوران عازمین کے لیے پکوان تیار کریں گے۔
العربیہ کے مطابق حج کُک پروگرام کے تحت 200 مرد و خواتین امیدواروں نے حصہ لیا، جس میں سے 30 نے ٹیسٹ اور عملی تجربات میں کامیابی حاصل کرکے عازمین کے لیے کھانے تیار اور انہیں فراہم کرنے کا لائسنس حاصل کیا ہے۔
عرب ممالک کے عازمین حج کے سربراہ محمد معاجینی نے بتایا کہ حج کُک پروگرام کا مقصد سعودی شہریوں کو تربیت دینا ہے تاکہ دنیا کے تمام ممالک کے عازمین کے لیے حج خدمات کا معیار بہتر بنایا اور سعودی مہمان نوازی کی اقدار کو برقرار رکھا جا سکے۔
محمد معاجینی نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد سعودی نوجوانوں کو بااختیار بنانا او ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے علاوہ سعودی وژن 2030 کے تحت کوالٹی آف لائف اور عازمین کے تجربات کو بہتر بنانے اور معیاری کھانے فراہم کرنے میں کردار ادا کرنا ہے۔
کامیاب شیفس میں ایک سعودی خاتون شیف امل راجح نے بتایا کہ حج سیزن کے لیے شیف کے طور پر انتخاب کیا گیا ہے۔ میں ان 30 سعودیوں میں سے ایک ہوں جنہوں نے کیٹرنگ اور فوڈ سیفٹی کے شعبے میں خصوصی ٹیسٹ پاس کیے۔
امل راجح کا کہنا تھا کہ پہلی بار حج کے لیے سعودی شیفس کا انتخاب کیا گیا ہے، جو حج اداروں اور متعدد سرکاری اداروں کی نگرانی میں حفظان صحت کے اصولوں کے ساتھ کھانے فراہم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کھانے پکانے کا فن والدہ سے سیکھا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے کچھ خطوں کی روایات کو بھی اس میں شامل کیا۔ فوڈ سیفٹی سے متعلق مختلف کورسز کیے۔ منتخب ہونے کے بعد روایتی سعودی پکوان تیار کرنے کا ارادہ ہے۔