Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عازمین حج کو امیگریشن کاونٹر پر 5 سیکنڈ سے زیادہ وقت نہیں لگتا‘

سالانہ حج کانفرنس و نمائش کا افتتاح 14 جنوری کو کیا گیا تھا (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئرڈاکٹر صالح المربع کا کہنا ہے کہ ’عازمین حج کو امیگریشن کاونٹر پر5 سیکنڈ سے زیادہ وقت نہیں لگتا۔‘
الاخباریہ کے مطابق ڈائریکٹرجنرل  جوازات جدہ میں حج کانفرنس و نمائش کے چوتھے ایڈیشن کے دوران ایک مذاکراتی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔
ان کا کہنا تھا ’ایئرپورٹس پر امیگریشن کے کاونٹرز پر اعلی تعلیم یافتہ افراد کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے جن کے پیش نظر حجاج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔‘
ڈائریکٹر جوازات نے امیگریشن کے حوالے تیار کی جانے والی دستاویزی فلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’ فلم میں دیکھا جاسکتا ہے 450 حجاج کے ایک گروپ کو  جوازات کے کاونٹرز پر محض 7 منٹ کا وقت لگا اس مختصر وقت میں گروپ کے تمام ارکان کی امیگریشن مکمل کر لی گئی۔‘
واضح رہے جدہ میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے سالانہ حج کانفرنس و نمائش کا افتتاح 14 جنوری کو کیا گیا تھا۔
کانفرنس 16 جنوری کو ختم ہو گی۔ کانفرنس میں حج 2025 کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

 

شیئر: