وزارت حج وعمرہ نے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی ’سدایا‘ کے ساتھ مفاہمتی تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق جدہ سپر ڈوم میں چارروزہ حج کانفرنس و نمائش کے چوتھے ایڈیشن جس کا عنوان ’روڈ ٹو نسک‘ میں وزارت حج کی جانب سے نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط جبکہ سدایا کے انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹرعصام عبداللہ نے یادداشت پر دستخط کیے۔
باہمی معاہدے کے مطابق ڈیجیٹل سروسز کے حوالے سے سدایا وزارت حج وعمرہ کے اہلکاروں کو مصنوعی ذہانت کے پروگراموں کے لیے ٹریننگ فراہم کرے گی۔
مختلف سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کی جائیں گی علاوہ ازیں وزارت کے پلیٹ فارم پر سدایا ایپس کی کارکردگی کو مزید فعال بنایا جائے گا۔