پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ’یمامہ‘ نے اتوار کو جدہ اسلامک پورٹ کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی شخصیات، پروفیشنلز اورمیڈیا سے وابستہ افراد کو پاک بحریہ کے نئے جہاز کی مختلف صلاحیتوں اور پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں
-
پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کے درمیان بحری مشقیںNode ID: 628441
-
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ’حنین‘ نے جدہ پورٹ کا دورہ کیاNode ID: 877619
پی این ایس’ یمامہ‘ ایک نیا کمیشنڈ جہاز ہے اوراسے باقاعدہ طور پر پاک بحریہ میں شامل کیا جائے گا۔
پاک بحریہ کے نئے جہاز کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ سفارتی اور بحری تعلقات کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن عبدالرحمن نے قونصل جنرل خالد مجید،رائل سعودی نیول فورسز ویسٹرن ریجن کے کمانڈر ریئر ایڈمرل منصور بن سعود الجعید، کمانڈر ویسٹرن ریجن میجر جنرل احمد علی الدبیس، پاکستانی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی برگیڈیئر محسن جاوید، قونصلیٹ افسران اور کمیونٹی ارکان کا خیرمقدم کیا۔۔
کمانڈنگ آفیسر کیپٹن عبدالرحمن نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں کہا’ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان رشتہ بھائیوں جیسا ہے۔ ہمارے گہرے تعلقات مذہب، ثقافت اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں۔ ہم مشکل وقت میں ایکدو سرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا ’پاک بحریہ نے سعودی رائل نیول فورسز کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ ہماری شراکت محض مشترکہ مشقوں تک محدود نہیں باہمی یہ مشترکہ آپریشنز اور باہمی صنعتی تعاون تک وسیع ہے۔‘
’پاک بحریہ ہر دو سال بعد فلیگ شپ ملٹی نیشنل پیس مشقوں کی میزبانی کرتی ہے جس میں سعودی رائل بحریہ شریک ہوتی رہی ہے ، آئندہ یہ مشقیں آئندہ ماہ 7 سے 11 فروری 2025 تک کراچی میں ہوں گی۔‘
انہوں نے بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کے قونصل جنرل اور سعودی فوجی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں پی این ایس یمامہ کے کمانڈنگ آفیسر نےعشائیہ دیا اور پاک سعودی فرینڈ شپ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
یاد رہے پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس ’ یمامہ‘ رومانیہ سے براستہ ترکیہ اور سعودی عرب پاکستان کےلیے روآنہ ہوا ہے۔
جدہ آمد سے قبل پی این ایس یمامہ نے ترکیہ کی بندرگاہوں گُل چک اور اکساز کا دورہ کیا۔
پی این ایس یمامہ رومانیہ کے دامن نیول شپ یارڈ میں تعمیر کیے جانے والے چار آف شور جہازوں میں سے چوتھا جہاز ہے۔ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔
پاک بحریہ میں نئے کمیشنڈ جہاز کے اضافے سے بحر ہند میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولنگ کو مزید تقویت ملے گی۔
رومانیہ میں پی این ایس یرموک، تبوک، حنین اور یمامہ تیار ہوئے ہیں اسی طرح ترکیہ کی شراکت سے چار جہاز تیاری کے مراحل میں ہیں۔ یہ تمام جہاز آف شور پٹرولنگ کےلیے ہیں۔
آف شور پٹرولنگ کا بڑا مقصد ملک کی بحری سمندری حدود اور اکنامک زون کا تحفظ ہے۔