پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کے درمیان بحری مشقیں
اتوار 19 دسمبر 2021 18:17
بحری مشق میں دونوں بحری افواج کی سپیشل آپریشنز فورسز نے شرکت کی (فوٹو پاک بحریہ)
پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کے مابین شمالی بحیرہ عرب میں دو طرفہ بحری مشق ثمر الطیب کا انعقاد کیا گیا۔
اتوار کو پاک بحریہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بحری مشق میں دونوں بحری افواج کی سپیشل آپریشنز فورسز کے ساتھ ساتھ بحری جہازوں اور فضائی اثاثوں نے شرکت کی۔
رائل نیوی آف عمان کا ٹاسک گروپ عمانی بحری جہاز AL DHAFERAH اور AL SEEB پر مشتمل تھا، جبکہ عمان کی رائل ایئر فورس کے میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ نے بھی مشق میں حصہ لیا۔
مشق کے ہاربر فیز کے دوران، آپریشنل اور ٹیکٹیکل سطح پر بات چیت اور پری ایکسرسائز کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔
رائل نیوی آف عمان کے بحری جہازوں کے کمانڈنگ افسران نے کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کوسٹ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کا اعادہ کیا گیا۔
رائل نیوی آف عمان کے دورہ کرنے والے بحری جہازوں کے کمانڈنگ افسران نے مشق ثمر الطیب 2021 کے انعقاد کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی بھرپور حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
مشق کے سی فیز میں انسداد دہشت گردی، اینٹی ایئر اور اینٹی سرفیس وارفیئر آپریشنز کا انعقاد شامل تھا جس کا مقصد سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے رائل نیوی آف عمان کے بحری جہاز کا دورہ بھی کیا اور جہاز میں موجود افسران اور جوانوں سے بات چیت کی۔
مشق ثمر الطیب 2021 نے دونوں بحری افواج کو سیکھنے، باہمی تعاون کے فروغ اور اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید نکھارنے کے مشترکہ مواقع فراہم کیے۔ دونوں بحری افواج کے مابین 1990 سے باقاعدگی سے مشقوں کا انعقاد جاری ہے۔ ثمر الطیب سیریز کی آخری مشقیں 2019 میں عمان کی سمندری حدود میں منعقد کی گئی تھیں۔
پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کے مابین دو طرفہ بحری مشقوں کا باقاعدگی سے انعقاد دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں بحری افواج کے درمیان بالخصوص دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔