Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے گزشتہ 5 سال میں مختلف ممالک کو کتنی مالیت کے آم فروخت کیے؟

گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے عرصے میں پاکستان نے سب سے زیادہ آم متحدہ عرب امارات کو آم فروخت کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزارت تجارت کے حکام کے مطابق پاکستان نے گزشتہ ساڑھے پانچ برسوں میں 63 کروڑ 20 لاکھ 5 ہزار ڈالر کے آم فروخت کیے ہیں۔
پیر کے روز پاکستان کی وزارت تجارت کی جانب سے سامنے آنے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے مالی سال 2019 سے دسمبر 2024 تک 24 سے زیادہ ممالک کو آم فروخت کیے۔
اُردو نیوز کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق  گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے عرصے میں پاکستان نے سب سے زیادہ آم متحدہ عرب امارات کو آم فروخت کیے ہیں، جس کی مالیت 15 کروڑ 97 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے بعد پاکستان نے سب سے زیادہ آم برطانیہ کو فروخت کیے۔ سعودی عرب، امریکہ، افغانستان، کینیڈا اور فرانس بھی پاکستان سے آم خریدنے والے ممالک میں شامل ہیں۔
کن ممالک کو کتنی مالیت کے آم فروخت ہوئے؟
پاکستان کی وزارت تجارت کی جانب سے سامنے آنے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب کے امارات کے بعد پاکستان نے گزشتہ پانچ سال کے دوران برطانیہ کو سب سے زیادہ 13 کروڑ 19 لاکھ چھ ہزار ڈالر مالیت کے آم فروخت کیے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق قازقستان، پاکستان سے آم خریدنے والا تیسرا  بڑا ملک ہے، جس نے گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے دوران پاکستان سے 9 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کے آم خریدے ہیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے دوران عمان نے پاکستان سے تین کروڑ 98 لاکھ ڈالر کے آم خریدے، جبکہ پاکستان نے افغانستان کو تین کروڑ 59 لاکھ ڈالر کے آم فروخت کیے ہیں۔

قازقستان، پاکستان سے آم خریدنے والا تیسرا  بڑا ملک ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے عرصہ میں پاکستان سے دو کروڑ 96 لاکھ ڈالر کے آم خریدے ہیں، جبکہ اسی مدت کے دوران پاکستان نے قطر کو دو کروڑ 76 لاکھ ڈالر کے آم فروخت کیے ہیں۔
وزارت تجارت کے مطابق پاکستان سےازبکستان بھیجے جانے والے آم کی مالیت ایک کروڑ 86 لاکھ امریکی ڈلر رہی، اسی طرح گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے دوران جرمنی نے بھی پاکستان سے ایک کروڑ 88 لالھ مالیت کے آم خریدے ہیں۔
اس کے علاوہ، یورپی ملک ناروے نے پاکستان سے ایک کروڑ 22 لاکھ ڈالر کے آم خریدے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ناروے کے بعد کینیڈا نے ایک کروڑ سے زائد امریکی ڈالر مالیت کے آم پاکستان سے خریدے ہیں۔

بیرون ملک پاکستانی آم اپنی مٹھاس کی وجہ سے پسند کیے جاتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

مزید برآں بحرین نے پاکستان سے 92 لاکھ ڈالر کے آم خریدے ہیں جبکہ پاکستان نے  آذربائیجان کو 70 لاکھ ڈالر کے آم فروخت کیے ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان نے اٹلی کو 60 لاکھ، سویڈن کو 55 لاکھ اور امریکہ کو 49 لاکھ ڈالر کے آم فروخت کیے ہیں، جبکہ پاکستان سے فرانس کو 36 لاکھ، سنگاپور کو 26 لاکھ اور دیگر ممالک کو 50 لاکھ امریکی ڈالر کے آم فروخت کیے ہیں۔

 

شیئر: