Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سپیئرز آف وکٹری 2025‘: پاکستان فضائیہ کا دستہ مشق کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا

پاکستان کی فضائیہ کا دستہ کثیر قومی فضائی جنگی مشق ’سپیئرز آف وکٹری 2025‘ میں حصہ لینے کے لیے سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر اترا ہے۔
منگل کو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائیہ کے دستے میں جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں پر مشتمل فضائی اور زمینی عملہ شامل ہے۔ 
بیان کے مطابق پی اے ایف کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان سے سعودی عرب کے لیے براہ راست اڑان بھری اور پرواز کے دوران ہی ایندھن بھرنے کا کام انجام دیا۔ 
مشق کے دوران، اے ای ایس اے اور توسیعی رینج بی وی آر سے لیس جے ایف سترہ تھنڈر اڑانے والے پاکستان کی فضائیہ کے پائلٹس مختلف قسم کے جدید ترین جنگی طیاروں سے لیس فضائیہ کے مدمقابل ہوں گے۔ 
مشق میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، بحرین، فرانس، یونان، قطر، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ کے لڑاکا طیاروں اور جنگی معاون عناصر کی شرکت شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رائل سعودی ایئر فورس مشق کے پانچویں دور کا انعقاد کر رہی ہے جو تکنیکی ترقی، ایئر پاور ایپلی کیشن میں بڑھتی ہوئی پیچیدگی اور مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجوں میں حصہ لینے والی فضائی افواج کے اندر باہمی تعاون کو بڑھانے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
بیان کے مطابق مشق میں پاک فضائیہ کے دستے کی شرکت نہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے پی اے ایف کے عزم کو اجاگر کرتی ہے بلکہ فضائیہ کے درمیان متنوع اور چیلنجنگ ماحول میں کام کرنے کے لیے اس کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

 

شیئر: