مسجد الحرام میں افطاری دسترخوان کے ضوابط جاری
جمعرات 23 جنوری 2025 17:44
فلاحی تنظیمیں 10 جبکہ انفرادی طورپر ایک دسترخوان لگایا جاسکتا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ادارہ امور حرمین نے مسجد الحرام میں افطاری دسترخوان کے ضوابط جاری کردیئے ہیں ۔ پرمٹ کے حصول کے لیے ویب سائٹ پر درخواست اپ لوڈ کی جاسکتی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق فلاحی تنظیموں اور انفرادی طورپر مسجد الحرام میں افطاردسترخوان لگانے کے لیے پرمٹ حاصل کرنے کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ رمضان المبارک میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف میں پرمٹ کے بغیر افطاری دسترخوان نہیں لگایا جاسکتا۔
ادارہ امورحرمین نے افطاری دسترخوان لگانے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مطلوبہ معیار کے مطابق افطاری فراہم کریں۔ منظور شدہ کیٹرنگ سے افطاری تیار کرائی جائے روزہ داروں کو غیرمعیاری اشیا فراہم نہ کریں۔
افطاری ضوابط میں ہدایت کی گئی ہے کہ ذیابیطس اور مہلک امراض میں مبتلا افراد کے لیے مخصوص اشیا فراہم کی جائیں جو کم کیلوریزپر مشتمل ہوں ۔ افطاری کے لیے فراہم کیا جانے والا کھانا معیار کے مطابق محکم انداز میں پیک کیا گیا ہو۔
پرمٹ کی درخواست میں جگہ کا بھی تعین کیا جاسکتا ہے ۔ افراد کو ایک جبکہ فلاحی تنظیم کو 10 دسترخوان لگانے کی اجازت ہوگی۔