مسجد نبوی میں گزشتہ ہفتے ڈیرھ لاکھ افطاری پیکٹس تقسیم
منگل 16 جولائی 2024 13:09
آنے والے زائرین کی تعداد 70 لاکھ سے زائد رہی (فوٹو، ایکس اکاونٹ )
مسجد نبوی الشریف میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آنے والے زائرین کی تعداد 7 ملین سے تجاوز کرگئی۔ بیشتر زائرین بیرون مملکت سے تعلق رکھنے والے تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد نبوی الشریف میں شعبہ اعداد وشمار و خدمات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں 6 لاکھ 58 ہزار 497 زائرین نے روضہ رسول پر سلام پیش کیا جبکہ 2 لاکھ 75 ہزار 106 افراد نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے۔
ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کی جانب سے فراہم کی جانے والی ترجمہ کی سہولت سے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 1 لاکھ 96 ہزار 59 زائرین مستفیض ہوئے جنہیں مسجد نبوی الشریف اور اس کے اطراف کے علاوہ دیگر مسائل کے حوالے سے اہم علمی اور دینی معلومات بھی مہیا کی گئیں۔
مسجد النبوی الشریف کی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے علاوہ عام طورپر بھی روزہ داروں کےلیے افطاری کے لیے مقامات مخصوص کیے گئے ہیں جہاں افطاری کا سامان بھی مہیا کیا جاتا ہے اس حوالے سے گزشتہ ہفتے میں 1 لاکھ 55 ہزار 229 افطاری پیکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔