عرب خاتون نے دوست کو مہمان بنایا پھر 12 ہزار درہم ہتھیا لیے
جمعرات 30 جنوری 2025 0:00
تین دن گزرنے کے بعد جب رقم کا مطالبہ کیا تو اس نے انکار کردیا (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی عدالت نے دھوکے سے اپنی ہموطن سے رقم ہتھیانے والی خاتون کو پابند کیا ہے کہ وہ لوٹی گئی رقم اور عدالت کے اخراجات ادا کرے۔
امارات الیوم کے مطابق عرب ملک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نےاپنی ہم وطن خاتون کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
مقدمے میں دعوی کیاگیا کہ وہ وزٹ ویزے پر امارات پہنچیں جہاں ایک ہموطن خاتون سے ملاقات ہوئی، جس نے اس کے 12 ہزار درھم لے لیے مگر اب لوٹانے سے انکاری ہے۔
خاتون نے اپنے دعوے میں مزید کہا دبئی آنے پر اس کی ہم وطن اپنے گھر یہ کہہ کر لے گئی کہ جب تک مناسب رہائش نہ مل جائے یہاں رہو۔
ہم وطن خاتون کے گھر جانے سے قبل منی چینجر سے رقم تبدیل کرائی جو 12 ہزار درھم بنی جسے پرس میں رکھا اور گھر چلی گئی۔
میزبان خاتون نے بلا کسی اجازت پرس میں رکھے 12 ہزار درھم نکال لیے جب دریافت کیا کہ یہ کیا کررہی ہو تو جواب دیا اس وقت مجھے شدید ضرورت ہے تین دن بعد لوٹا دوں گی۔
تین دن گزرنے کے بعد جب دوبارہ رقم کا مطالبہ کیا تو اس نے انکار کردیا جس پر عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔
عدالت نے گواہوں اور شواہد کی بنیاد پر خاتون کو پابند کیا کہ وہ اپنی ہم وطن سے لی گئی 12 ہزار درھم کی رقم لوٹائے علاوہ ازیں عدالتی اخراجات اور 5 فیصد سود بھی ادا کرے۔