مسافر طیارے سے ٹکرانے والا ہپلی کاپٹر غلط سمت میں محو پرواز تھا: ڈونلڈ ٹرمپ
جمعرات 30 جنوری 2025 18:40
امریکہ میں حکام نے کہا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کے فضا میں تصادم کے نتیجے میں خدشہ ہے کہ 60 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ حادثے میں کسی شخص کے زندہ بچنے کی امید باقی نہیں رہی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں ایک مسافر طیارہ جس میں 64 افراد سوار تھے، رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے فضا میں ٹکرا گیا تھا۔
حکام کے مطابق مسافر طیارہ رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنے کے لیے نیچے آرہا تھا کہ اس دوران دریائے پوٹومک پر ایک فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’64 افراد کو لے جانے والے مسافر طیارے کے ساتھ فضا میں ٹکرانے والا ہپلی کاپٹر ‘ناقابل یقین طور پر‘ غلط سمت میں محو پرواز تھا۔
جمرات کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’ہیلی کاپٹر جس سمت میں جا رہا تھا وہ ’ناقابل یقین حد تک غلط‘ تھی۔
امریکی صدر نے فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کے درمیان تصادم پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ’اس حادثے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے حادثے کے حوالے سے کہا کہ ’یہ ایک بری صورت حال تھی، جس سے بچا جا سکتا تھا۔‘
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’جہاز بالکل درست انداز میں ایئرپورٹ کی طرف جا رہا تھا، جبکہ ہیلی کاپٹر کافی دیر تک جہاز کی طرف جاتا دکھائی دیتا رہا۔‘
’رات کے وقت مطلع صاف تھا اور جہاز کی لائٹس جل بجھ رہی تھیں، ہیلی کاپٹر نے اوپر، نیچے یا ایک طرف ہونے کی کوشش کیوں نہیں کی، کنٹرول ٹاور نے ہیلی کاپٹر کو کیوں نہیں بتایا کہ کیا کرنا ہے؟‘
امریکی حکام نے اس حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں کہ مسافر طیارے سے ٹکرانے والا بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت اس مقام اور بلندی پر کیوں محو پرواز تھا۔