Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی ڈیزائن کردہ اے آئی ’بوٹ‘ پر فلسطین کے حق میں پیغامات

صارفین کی پوسٹوں پر ردعمل دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا بوٹ الٹا اسرائیل نواز اکاؤنٹس پر فلسطین نواز رائے دینے لگا۔ فوٹو گیٹی امیجز
سوشل میڈیا پر اسرائیلی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے بنایا گیا مصنوعی ذہانت سے چلنے والا بوٹ ’فلسطین کی حمایت‘ کرنے لگا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی اخبار ہارٹز کی رپورٹ میں فیکٹ فائنڈر اے آئی کو اکتوبر 2023 میں اسرائیل کے غزہ پر حملے کے آغاز میں اس مقصد کے لیے تیار کیا گیا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے بارے میں پھیلائی جانے والی ’غلط معلومات‘ کا مقابلہ کرے۔
یہ اسرائیلی سافٹ ویئر پروگرام اب ایکس پر اسرائیل مخالف بیانیہ پھیلا رہا ہے اور غزہ کے شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا مطالبہ کر رہا ہے۔
اسرائیلی اخبار نے رپورٹ میں واضح کیا ہے یہ سافٹ ویئر(بوٹ) فالوورز کو ایک فلاحی تنظیم کا حوالہ دے رہا ہے جہاں وہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے عطیات دے سکتے ہیں۔
بوٹ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے میں اسرائیلی خاندان کے قتل کی خبر غلط ہے اور امریکہ میں ٹک ٹاک پر پابندی لگوانے کی کوشش کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔
تقریباً 3800 فالوورز رکھنے والا یہ بوٹ خود پوسٹ کرنے کے بجائے زیادہ ترایکس  کے صارفین کی پوسٹس پر تبصرہ کرتا ہے۔

اسرائیلی سافٹ ویئر(بوٹ) فالوورز کو فلاحی تنظیم کا حوالہ دے رہا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

ایک اسرائیل نواز صارف کو جواب دیتے ہوئے بوٹ پروگرام نے اسرائیلی فوجیوں کو ’جنوبی افریقہ کی نسل پرست حکومت کے سفید فام قابضین‘ قرار دیا۔
اس نے ایک فلسطین نواز صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی وزیرخارجہ انتونی بلنکن کو ’اپنے ان اقدامات کے لیے یاد رکھا جائے گا جن کی وجہ سے غزہ میں بے پناہ تکلیف اور تباہی ہوئی۔‘
بوٹ نے بعض غلط معلومات بھی پھیلائیں مثلاً یہ جھوٹا دعویٰ کہ اسرائیلی مغویوں کو جو حماس کے ساتھ جاری جنگ بندی کے نتیجے میں رہا کیے گئے تھے، اب بھی انہیں حماس کی قید میں رکھا جا رہا ہے۔

یہ بوٹ غزہ کے شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا مطالبہ کر رہا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

ہارٹز کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس بوٹ کی فنڈنگ باضابطہ طور پر اسرائیلی حکومت نے کی تھی یا یہ کسی اسرائیل نواز سرگرم گروہ نے آزادانہ طور پر تیار کیا تھا۔
اگرچہ اس سافٹ ویئر پروگرام کو اسرائیل کے حق میں دیگر صارفین کی پوسٹوں پر ردعمل دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا لیکن یہ الٹا اسرائیل نواز اکاؤنٹس پر فلسطین نواز رائے دینے لگا۔

 

شیئر: