جنگی جرائم پر ممکنہ قانونی کارروائی، اسرائیلی فوج نے میڈیا قوانین سخت کر دیے
نئی ہدایات کے مطابق انٹرویو دینے والے فوجی اہلکاروں کی شناخت نہیں ظاہر کی جائے گی۔ فوٹو: روئٹرز
اسرائیل نے غزہ میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر ممکنہ قانونی کارروائی کے پیش نظر اپنے فوجیوں کی میڈیا کوریج پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیل نے یہ اقدام حالیہ پیش آنے والے واقعے کے بعد اٹھایا ہے جب برازیل کے جج نے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات پر ایک اسرائیلی فوجی کے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کیے تھے۔
اسرائیل کی ریزرو فوج میں بھرتی ہونے والا یہ اہلکار سیر و تفریح کی غرض سے برازیل گیا ہوا تھا جب ایک جج نے پولیس کو تحقیقات کا حکم دیا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے عائد نئے قواعد و ضوابط کے مطابق کرنل یا اس سے کم درجے کے فوجی اہلکاروں کے انٹرویو نشر کرنے پر میڈیا ادارے ان کے نام ظاہر نہیں کریں گے اور نہ ہی چہرے دکھانے کی اجازت ہو گی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل نادو شوشانی نے صحافیوں کو بتایا کہ انٹرویو کی صورت میں فوجی اہلکاروں کے کسی بھی جنگی مشن میں ملوث ہونے کے حوالے سے تفصیلات نہیں دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’اپنے فوجیوں کے تحفظ کے لیے یہ ہماری نئی ہدایات ہیں اور یہ یقینی بنانے کے لیے کہ وہ ان واقعات سے محفوظ رہیں جو دنیا بھر میں اسرائیل مخالف کارکنوں کی سرپرستی میں پیش آتے ہیں۔‘
ترجمان نے کہا کہ موجودہ ملٹری قواعد کے مطابق فوجیوں کو میدان جنگ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے اور بیرون ملک سفر کرنے والے فوجی اہلکاروں کے لیے بھی ہدایات موجود ہیں۔
ترجمان نے بیلجیئم سے تعلق رکھنے والی ہند رجب فاؤنڈیشن جس کے زور ڈالنے پر برازیل میں قانونی کارروائی ممکن ہوئی، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی دیگر تنظیمیں فوجیوں کی سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز سے معلومات حاصل کر رہی ہیں۔
گزشتہ سال عالمی عدالت انصاف نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو، سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور حماس کے رہنما ابراہیم المصری کو گرفتار کرنے کے وارنٹ جاری کیے تھے۔