دبئی میں غیرقانونی تارکین کے خلاف تفتیشی مہم، 6 ہزار غیرملکی گرفتار
پکڑے گئے افراد کی امارات سے بے دخلی کا عمل جاری ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں غیرقانونی تارکین کے لیے ایمنٹسی سکیم 31 دسمبر 2024 کو ختم ہونے کے بعد 270 سے زیادہ تفتیشی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ویزے کی خلاف ورزیوں پر 6 ہزار سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جنوری میں ’ایک محفوظ معاشرے‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم کے دوران پکڑے گئے افراد کی امارات سے بے دخلی کا عمل جاری ہے۔
امارات الیوم کے مطابق حکام کا کہنا ہے’ پکڑے گئے 93 فیصد افراد کی امارات سے بے دخلی کی کارروائی مکمل کرلی گئی۔‘
یاد رہے دبئی میں ایسے غیرملکی جن کے اقامے یا ورک پرمٹ ایکسپائر ہو گئے تھے، حکومت کی جانب سے یکم ستمبر 2024 کو خصوصی مہلت کا اعلان کیا گیا تھا جو 31 اکتوبر تک تھی جس میں مزید تین ماہ کا اضافہ کیا گیا۔
مہلت کے دوران تارکین کو بغیر پابندی کے ملک چھوڑنے یا نیا ملازمت کا معاہدہ حاصل کرکے قانونی طور پر قیام کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔ زیادہ تر افراد نے اپنی قانونی حیثیت کو درست کرایا ہے۔
فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹیٹی، سیٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل سہیل سعید الخیلی کا کہنا ہے کہ ’تفتیشی مہم جاری رہے گی، اس کا مقصد ملک کے داخلہ اور ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی اور گرفتار کرنا ہے۔‘
تفتیشی مہم کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ انہیں پناہ دینے یا ملازمت دینے والے افراد پر بھی قانونی اقدامات اور جرمانے بھی عائد کیے جاتے ہیں۔