Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت تجارت کی تفتیشی مہم، سعودیوں کے نام سے کاروبار کرنے والوں کو سزائیں

مملکت میں سعودی کے نام پر غیرملکی کا کاروبار ممنوع ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت تجارت نے کہا  ہے کہ سعودی کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے سدباب کے لیے یکم نومبر سے 30 نومبر تک مملکت کے مختلف شہروں میں 5 ہزار268 تفتیشی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
عاجل ویب کے  مطابق سعودی وزارت تجارت نے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ مملکت میں سعودی کے نام سے غیرملکی کو کاروبار کرانا ممنوع ہے۔
وزارت تجارت نے کہا کہ تفتیشی کارروائیوں کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو چیک کرنا اور سعودی کے نام سے کاروبار کو روکنا ہے۔ اس سلسلے میں ریٹیل، ریستوران، صالون، کار ورکشاپس، جنرل کنٹریکٹنگ کمپنیوں اور اسی طرح کے دیگر عوامی خدمات کے سینٹرزمیں تفتیش کی گئی۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ اس دوران مشتبہ کیسز بھی سامنے آئے۔ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی جس کے تحت غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے تجارتی ادارے اور دکانیں سیل اور ان کی کمرشل رجسٹریشن منسوخ کردی گئی نیز زکوۃ اور ٹیکس کی وصولی کے علاوہ دیگر سزائیں دی گئی ہیں۔
سعودی قانون کے بموجب جو غیرملکی، سعودی کے نام سے اپنا کاروبار کرے گا یا جو سعودی اپنے نام سے کسی عیرملکی کو کاروبار کی سہولت فراہم کرے گا اسے پانچ برس تک قید اور پچاس لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوگی یا دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ غیر قانونی کاروبار کرنے اور کرانے والوں کو جرمانے اور غیرملکی کو سزا کے بعد بے دخل اور بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: