انڈیا کے ساتھ اہم شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانا چاہتے ہیں: سعودی وزیر صنعت
نئی دہلی میں نجی شعبوں کے اہم رہنماوں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرصنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے کہا ہے کہ’ مملکت مختلف اقتصادی شعبوں میں انڈیا کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینی کی خواہاں ہے۔‘
سبق نیوز کے مطابق نئی دہلی میں نجی شعبوں کے اہم رہنماوں کے ساتھ گول میز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ’انڈیا کے ساتھ کئی اہم شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدگی سے توجہ مرکوز کررہے ہیں۔‘
ان میں سرفہرست کان کنی، آٹوموبائل، طبی صنعت، بائیوٹیکنالوجی، کیمیکل، پٹروکیمیکل، آلات، مشنری اور قابل تجدید توانائی وغیرہ شامل ہیں۔
وزیر صنعت ومعدنی وسائل الخریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا’ مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں اقتصادی شعبوں میں تنوع پیدا کرنا ہے جبکہ انڈیا اس حوالے سے اہم مثالی شریک ہوسکتا ہے۔ دوطرفہ شراکت داری اور تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’آٹوموبائل انڈسٹری ایک وسیع شعبہ ہے جس میں مملکت اوربھارت کے مابین موثر سرمایہ کاری کا اشتراکِ عمل ہو سکتا ہے۔ خاص طورپر سعودی عرب مشرق وسطی میں کاروں کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے۔‘
مملکت اس حوالے سے قومی صنعت کے قیام کی خواہشمند ہے۔ کار سازی کے سلسلے میں عالمی ماہرین کے تجربے سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔