Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر صنعت کی انڈین وزرا سے ملاقاتیں، تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

سپیئرپارٹس کی صنعت میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر بن ابراہیم الخریف نے انڈیا کے سرکاری دورے کے دوران کیمیکل اور فرٹیلائزر کے وزیر جگت پرکاش، سٹیل و بھاری صنعت کے وزیر ایچ ڈی کمار سوامی اور وزیر صنعت و سپلائی پیوش گوئل سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پٹروکیمیکل،کھاد، دوا سازی، طبی آلات کی تیاری، بھاری مشینری اور سپیئر پارٹس  کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سبق نیوز کے مطابق سعودی وفد میں مقامی اور حکومتی پروکیورمنٹ اتھارٹی کے سی ای او عبدالرحمن السماری، قومی مرکز برائے صنعتی ترقی کے سی ای او انجیئنر صالح السلمی، نئی دہلی میں سعودی قائمقام سفیر جدی بن نایف اور سعودی ، انڈین بزنس کونسل کے صدر عبدالعزیز القحطانی شامل ہیں۔
بندرالخریف اور انڈین وزیر کیمیکل اینڈ کھاد کی ملاقات میں پٹروکیمیکل اور کھاد کی صنعت میں باہمی تعاون کی یقین دہانی کی گئی۔
علاوہ ازیں ادویات و طبی آلات کی صنعت کے حوالے سے بھی اشتراکِ عمل پربھی بات چیت ہوئی ہے۔
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل الخریف نے انڈین وزیر فولاد اور ہیوی انڈسٹری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مملکت کی جانب سے سعودی انٹرنیشنل آئرن اینڈ اسٹیل کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن کی میزبانی کا ذکر بھی کیا گیا۔
انڈین وزیر کمارا سوامی کے ساتھ میں سعودی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں مختلف آلات اور آٹو موبائل انڈسٹری کے علاوہ گاڑیوں کے سپیئرپارٹس کی صنعت میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 وزیر صنعت و سپلائی پیوش گوئل سے ملاقت میں صنعتی تعاون اور شراکت داری بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

شیئر: