البیک کے پاکستان آنے کا پراسیس شروع، ’یہاں کھانے پینے والے لوگ ہیں‘
البیک کے پاکستان آنے کا پراسیس شروع، ’یہاں کھانے پینے والے لوگ ہیں‘
ہفتہ 8 فروری 2025 10:51
خالد خورشید -اردو نیوز، جدہ
پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال نے کہا میں تو البیک کے پاکستان میں آنے سے بہت خوش ہوں (فوٹو: اردو نیوز)
سعودی عرب کی معروف البیک فوڈ سسٹم کمپنی پاکستان میں اپنی پروڈکٹس کے لیے مقامی چکن کا استعمال کرے گی۔
جدہ میں ’میڈ ان پاکستان‘ ایگزیبیشن کے اختتام پر جمعے کی شب جدہ میں پریس بریفنگ اور اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا تھا ’البیک نے پاکستان آنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا پراسیس شروع ہو چکا ہے، وہ پہلے اپنی فوڈ چین بنائیں گے۔‘
اس سوال پر کہ البیک پاکستان میں کب کاروبار کا آغاز کرے گی اور کتنی برانچیں کھولنے جا رہی ہے، وزیر تجارت نے کہا ’ایسا نہیں ہے کہ البیک کل کوئی فرنچائز کھولے اور اپنی پراڈکٹس بیچنا شروع کر دے ۔ یہ ایک طویل پراسیس ہے۔ وہ چکن کی فارمنگ، ان کی فیڈ پھر فرنچائز ان تمام چیزوں کو ایک سپلائی چین کے طور پر دیکھتے ہیں جبکہ ان کا حفظانِ صحت کا معیار بہت بلند ہیں۔‘
جام کمال خان نے بتایا ’البیک والے ہمارے ساتھ بیٹھے، میں نے ان سے پوچھا آپ پاکستان میں کتنی برانچیں کھولیں گے، اس پر انہوں نے 200 برانچیں کھولنے کا ارادہ ظاہر کیا۔‘
’اس پر میں نے کہا آپ کو مارکیٹنگ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ البیک کے بارے میں تو ویسے ہی سب پاکستانیوں کو پتا ہے۔‘
انہوں نے کہا ’یہ یقیناً پاکستان میں ایک بہت اچھی انویسٹمنٹ ہو گی تاہم البیک والوں کا کہنا تھا ہم ہر چیز اپنے لیے نہیں کرتے۔ آپ کے پولٹری سیکٹر میں 10 افراد کو کھڑا کریں گے، بریڈ انڈسٹری لائیں گے، سروس انڈسٹری میں کسی کو کھڑا کریں گے۔ یہ آٹھ 10 کام ہیں جو پاکستانی کریں گے۔ ہم ان سے ہر چیز لیں گے تاکہ آپ کی طاقت بھی بڑھے اور آپ کے لوگوں کو بزنس کے مواقع ملیں۔‘
جام کمال نے جدہ میں البیک کے آپریشنز کا وزٹ کیا جہاں پاکستانی ملازمین سے بھی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے بتایا ’البیک والے مجھے اپنے کچن میں لے گئے اور کہا آپ ایک برگر تیار کریں، میں نے وہاں ایک برگر بھی بنایا۔‘
جام کمال نے جدہ میں البیک کے آپریشنز کا وزٹ کیا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
’میں تو البیک کے پاکستان میں آنے سے بہت خوش ہوں۔ دعا ہے اللہ ان کے کاروبار میں برکت بھی ڈالے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’پاکستان کے اندر ابتدا میں البیک کی 200 برانچیں بھی کچھ نہیں ہیں۔ اگر یہ بزنس یہاں چل پڑا تو پاکستان کی 25 کروڑ کی آبادی ہے۔ پاکستانی ویسے بھی کھانے پینے والے لوگ ہیں۔ جہاں تک برینڈنگ کی بات ہے صرف ایک جملہ لکھ دیں ’البیک از ان پاکستان‘ یہی کافی ہو گا۔‘
توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں البیک کی برانچیں جلد کھلیں گی جس سے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔
یاد رہے کہ البیک فوڈ سسٹم کمپنی کے کاروبار کو پاکستان میں لانے کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے پاکستانی کمپنی ’گو‘ اور سعودی کمپنی میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے تھے۔