Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینیوں کا حق قائم رہے گا، اسے کوئی چھین نہیں سکتا: سعودی عرب

سعودی عرب نے فلسطینیوں کی نقل مکانی سے متعلق اسرائیلی وزیراعظم کے بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔ فائل فوٹو: ایس پی اے
سعودی عرب نے فلسطین کے مسئلے پر اپنے ٹھوس مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مسترد کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے آج اتوار کو اعلامیے میں اس بات پر زور دیا ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر رہنے کا حق حاصل ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’فلسطینی بیرون ملک سے آنے والے غیرملکی قابض یا تارکین وطن نہیں ہیں۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’فلسطینی عوام کا حق ثابت اور ٹھوس رہے گا اور کوئی بھی اسے چھین نہیں سکے گا چاہے اس میں کتنا وقت لگے۔‘
سعودی عرب نے فلسطینیوں کی نقل مکانی سے متعلق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔
سعودی عرب نے فلسطینیوں کو جبری طور پر بے گھر کرنے کے حوالے سے نیتن یاہو کے بیانات کی مذمت کرنے والے برادر ممالک کے موقف کو سراہا ہے۔
سعودی عرب نے زور دے کر کہا کہ دو ریاستی حل کے ذریعے بقائے باہمی کے اصول کو قبول کرنے سے ہی پائیدار امن کے حصول کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

شیئر: