سعودی عرب میں موٹاپے کے علاج پر سالانہ 100 ارب ریال خرچ
عرب ممالک میں 70 سے 75 فیصد افراد موٹاپے کا شکار ہیں ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں موٹاپے کے علاج پر سالانہ 100 ارب ریال خرچ کیے جاتے ہیں۔
عالمی سطح پر موٹاپے میں مبتلا افراد کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی ہے جن کے علاج کے لیے سالانہ چار ٹریلین ڈالر خرچ کیے جاتے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق گورنر مشرقی ریجن شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی ہونے والی کانفرنس ’موٹاپے کے امراض اورعلاج‘ کے آٹھویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سوسائٹی برائے موٹاپا اور سرجری کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر عایض القحطانی نے بتایا کانفرنس کے پہلے روز موٹاپے کی سرجری کے لیے روبوٹس کا استعمال پر ورکشاپس منعقد کی گئی جن میں متعدد ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا عرب ممالک میں 70 سے 75 فیصد افراد موٹاپے کا شکار یا اس جانب مائل ہیں۔ 80 فیصد دوسرے درجے کی ذیابیطیس میں مبتلا افراد بھی موٹاپے کی جانب مائل ہیں۔
30 فیصد خواتین موٹاپے کی وجہ سے بانچھ پن کا شکار ہوتی ہیں جبکہ مملکت میں اموات کی بڑی وجہ دل کے امراض ہیں جبکہ امراضِ قلب کا بڑا سبب موٹاپا ہے۔