طائف میں نئے ایئرپورٹ منصوبے کے لیے 90 کمپنیوں کے درمیان مسابقت
’طائف میں نئے ہوائی اڈے کا منصوبہ عوامی اور نجی شعبے کی شراکت داری پر مبنی ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
90 مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان طائف میں تعمیر ہونے والے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منصوبے میں شراکت کے لیے مسابقت شروع ہوگئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف میں نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا منصوبہ عوامی اور نجی شعبے کی شراکت داری پر مبنی ہوگا جس کا معاہدہ 30 سال کی مدت پر محیط ہوگا۔
نیا طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ موجودہ ہوائی اڈے سے 21 کلو میٹر جنوب مشرق میں تعمیر کیا جائے گا اور 2030 تک اس میں مسافروں کی سالانہ گنجائش 2.5 ملین تک پہنچنے کی توقع ہے۔
منصوبے کا دائرہ کار ہوائی اڈے کی تعمیر، منتقلی اور آپریشن پر مشتمل ہے جس میں رن وے اور اس کے ساتھ متوازی ٹیکسی وے شامل ہوگا جس میں تیز رفتار ایگزٹ پوائنٹس بھی موجود ہوں گے۔
یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے جو سعودی عرب میں ہوا بازی کے شعبے کی ترقی کو فروغ دینے اور اسے عالمی لاجسٹک مرکز کے طور پر مستحکم کرنے پر مرکوز ہے۔