سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان پیر کو ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران علاقائی صورتحال اور اس حوالے سے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ’ سعودی وزیر خارجہ سے رابطے میں اسحاق ڈار نے اسرائیلی وزیراعظم کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کی مذمت کی، سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کے ساتھ فلسطینی کاز کی غیر متزلزل سپورٹ کا اعادہ کیا۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کا ایک غیرمعمولی اجلاس فوری طور پر بلانے پر اتفاق کیا۔‘
علاوہ ازیں سعودی وزیرخارجہ اور فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزدہ فیصل بن فرحان سے پیر کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
رابطے کے دوران خطے کی حالیہ صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایکشن سمٹ فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس شرکت کے لیے پیرس میں ہیں۔
سعودی وفد کئی سربراہی اجلاسوں میں شرکت کرے گا جس میں مصنوعی ذہانت کے مستقبل اورعوامی مفادات کے لیے اس کے استعمال کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔