Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی دمشق میں الشرع سے ملاقات، شام پر عائد پابندیوں کے خاتمے پر زور

سعودی وزیر خارجہ شہزدہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو دمشق میں شام کی نئی انتظامیہ کے سربراہ احمد الشرع سے ملاقات کی ہے۔
 شہزادہ فیصل بن فرحان اپنے پہلے دورے میں نئی شامی انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کےلیے دمشق کے قصرالشعب پہنچنے تو احمد الشرع نے خیرمقدم کیا۔
احمد الشرع  سے ملاقات میں شام کی سلامتی، استحکام اور اتحاد سپورٹ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
شام کے سیاسی، انسانی اور معاشی پہلووں کی سپورٹ اور عائد پابندیوں کو ختم کرانے کے حوالے سے جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں دمشق میں شامی وزیر خارجہ اسد الشیبانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام پرعائد پابندیوں کے فوری خاتمے کی اہمیت پرزوردیا تاکہ ملک کی معاشی صورتحال اورعوام کا معیار زندگی بہتر ہوسکے۔
الاخباریہ کے مطابق ان کا کہنا تھا ’شام پر پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے مملکت تمام ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے جن میں امریکہ اور یورپی یونین شامل ہیں۔ اس حوالے سے مثبت پیغامات ملے ہیں۔‘
’یورپی یونین کو بھی مملکت کے موقف کے بارے میں واضح انداز میں پیغام پہنچا دیا ہے۔ ہم اس بارے میں پرامید ہیں کہ یہ رابطے کامیابی تک جاری رہیں گے۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے شام اوراس کے عوام کے لیے مملکت کے تعاون  کے حوالے سے واضح موقف کی تائید کی۔
انہوں اپنے دورے کے حوالے سے کہا’ یہاں آمد کا مقصد سعودی عرب کی اعلی قیادت کی ہدایات پر عمل کرنا ہے ۔ سعودی عرب اپنے شامی بھائیوں اور حکومت کی ان حالات میں ہرطرح سے مدد کرنے کا خواہاں ہے تاکہ شام اس اہم مرحلے میں کامیابی سے ہمکنار اور اپنے درخشاں مستقبل کی جانب گامزن ہو سکے۔‘
انہوں نے شامی نئی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا جن میں شام کے تمام مکاتب فکر کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے انتقامی سیاست سے اجتناب کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی’ مملکت اور عرب دوست ممالک کے تعاون سے جلد ہی شام اپنی معیشت اور امن عامہ کو مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔‘
اس موقع پر شامی وزیر خارجہ کا کہنا تھا’ شامی عوام کی مدد کے حوالے سے سعودی عرب کی قدیم تاریخ ہے او آج ہمیں ماضی سے زیادہ اس تعاون کی ضرورت ہے۔‘
انہو ں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ’ مملکت کی جانب سے شام بلکہ عرب خطے کے مستقبل کی تعمیر کے لیے تعاون جاری رہے گا۔‘
ایک سوال پر شامی وزیر خارجہ اسد الشیبانی کا کہنا تھا ’سعودی وزیر خارجہ کی دمشق میں موجودگی ہی یہ واضح پیغام ہے کہ مملکت عملی طور پر شام کے ساتھ ہے۔‘

 

شیئر: