Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں تمباکو مصنوعات اور انرجی ڈرنکس کی فروخت، نئے ضوابط کیا ہیں؟

18 برس سے کم عمر افراد کو تمباکو مصنوعات فروخت نہیں کی جا سکتی۔ (فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت بلدیات و ہاؤسنگ نے کریانہ سٹورز اور مرکزی مارکیٹوں میں تمباکو مصنوعات کی فروخت سے متعلق ضوابط جاری کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق جہاں تمباکو مصنوعات کی فروخت کی اجازت ہے ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط کی پابندی کریں۔
فروخت کی جانے والی تمباکو مصنوعات فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ معیار کے مطابق ہوں۔
علاوہ ازیں تمباکو مصنوعات کو شو کیس میں نہ رکھا گیا ہو ایسی الماری میں رکھا جائے جن پر صارفین کی نگاہ نہ پڑے۔
ضوابط کے مطابق 18 برس سے کم عمر نوجوانوں کو کسی قسم کی تمباکو مصنوعات فروخت نہیں کی جا سکتی۔
دکان میں واضح مقام پر انتباہی بورڈ لگایا جائے جس میں تمباکو نوشی کے نقصانات درج ہوں۔ مقررہ عمر سے کم کو تمباکو مصنوعات فروخت کرنا منع ہے، بھی تحریر کیا گیا ہو۔
تمباکو کی فروخت کے لیے اشتہاری مہم بھی نہیں چلائی جا سکتی۔ دکان یا مارکیٹ کے کارکن دکان کے اندر تمباکو نوشی نہیں کر سکتے۔
وزارت نے انرجی ڈرنکس کی فروخت کے بھی ضوابط جاری کیے ہیں جن کے مطابق انرجی ڈرنکس کو دیگر مشروبات کے ساتھ نہیں رکھا جا سکتا۔
جہاں انرجی ڈرنکس رکھے گئے ہیں وہاں انتباہی نوٹس لگایا جائے جس پر انرجی ڈرنگ کے حوالے سے معلومات بیان کی گئی ہوں۔
علاوہ ازیں یہ بھی درج کیا جائے کہ انرجی ڈرنکس 16 برس سے کم عمر کو فروخت نہیں کی جائے گی۔

شیئر: