’مسافر اپنے ہمراہ دس لٹر انرجی ڈرنکس لاسکتے ہیں‘
مختلف اشیا کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کی تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب ہیں(فائل فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں زکوۃ ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کہا ہے کہ’ مسافر اپنے ہمراہ زیادہ سے زیادہ دس لٹر انرجی ڈرنکس لاسکتے ہیں‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق زکوۃ اتھارٹی نے کہا کہ’ ہر وہ مشروب جو انرجی ڈرنکس کے طور پر فروخت کیا جارہا ہو یا اس کی مارکیٹنگ کی جارہی ہو اوراس میں جسم یا ذہن کو قوت بخشنے والے عناصر شامل ہیں۔ اسے انرجی ڈرنکس کہا جاتا ہے‘۔
’ ہر وہ مشروب جس میں کیفین، ٹورائن، جینسینگ اور گارانا شامل ہوں وہ انرجی ڈرنکس کہلاتے ہیں۔ اسی طرح وہ مشروب بھی جس میں ارتکاز، پاؤڈر، جیل یا عرق شامل کیا گیا ہو وہ بھی اسی زمرے میں آتا ہے‘۔
زکوۃ اتھارٹی نے بتایا کہ’ انرجی ڈرنکس سمیت مختلف اشیا کی درآمد پر مقرر کسٹم ڈیوٹی اور کسٹم کارروائی کی تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ زیادہ تعداد میں انرجی ڈرنکس ہمراہ لانے یا درآمد کرنے کی صورت میں سو فیصد کسٹم ڈیوٹی اور پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول کیا جائے گا‘۔